.

امریکا دنیا میں اپنے بائیس سفارت خانے عارضی طور پر بند کر رہا

برطانیہ بھی یمن میں اپنا سفارت خانہ بند کرے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برطانیہ نے بھی سکیورٹی وجوہات پر یمن کے دارالحکومت میں اپنا سفارت خانہ بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سے پہلے امریکا نے مبینہ طور پر القاعدہ کے ممکنہ حملوں کے ڈر سے اپنے بائیس سفارتخانے عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امریکی سفارت خانے جنہیں بند کیا جا رہا ہے، ان میں سے بیشتر کا تعلق مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے ممالک سے ہے۔

برطانوی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق صنعا میں برطانوی سفارت خانہ اتوار اور پیر کے روز بند رہے گا۔ البتہ مزکورہ سفات خانے کےعملے میں سے بعض کو سکیورٹی کی صورت حال کے باعث واپس بلا لیا گیا ہے۔

امریکا اور برطانیہ ،دونوں ملکوں نے خطرے کے پیش نظر فوری طور پر تمام متعلقہ ملکوں میں موجود اور آئندہ دنوں سفر کا ارداہ رکھنے والے اپنے شہریوں کے لیے ٹریول الرٹ بھی جاری کر دیے ہیں۔

برطانوی وزارت خارجہ نے جمعہ کونئے جاری کیے گئے ٹریول ایڈوائس کے ذریعے اپنے شہریوں کو یمن کا سفر کرنے سے منع کر دیا ہے، جبکہ یمن میں پہلے سے موجود برطانوی شہریوں کو یمن چھوڑنے کے لیے کہا ہے۔ برطانوی ترجمان کے مطابق رمضان کے دوران بد امنی کے واقعات کا زیادہ خطرہ ہو سکتا ہے۔