.

مسلمانوں کے لیے آئی فون پر اوقات نماز اور قبلہ نما کی اپلیکشن کا آغاز

35 ہزار فٹ کی بلندی پر بھی نماز کے وقت اور قبلہ رُخ کا پتا چل سکے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سنگاپور کی ایک کمپنی نے آئی فون پر مسلمانوں کے لیے ایک نئے اطلاق (اپلیکشن) کا اضافہ کیا ہے۔ یہ مسلمانوں کو نماز کے وقت اور قبلہ نما کے بارے میں خبردار کرے گا۔

اگر مسلمان پینتیس ہزار فٹ کی بلندی پر بھی سفر کررہے ہوں گے تو آئی فون پر اس نئے اطلاق کی مدد سے انھیں نماز کے وقت اور قبلہ (مکہ مکرمہ) کے رُخ کا پتا چل سکے گا۔

کریسنٹ ٹریپس کے نام سے یہ نیا اطلاق سنگاپور کی فرم کریسنٹریٹنگ نے تیار کیا ہے۔ یہ فرموں ہوٹلوں اور مسافرت سے متعلق دیگر اداروں کو ہلال یا اسلام کے مطابق اشیاء مہیا کرتی ہے۔ اس فرم کے چیف ایگزیکٹو فضل بہارالدین کا کہنا ہے کہ نماز کی اطلاع اور قبلہ نما بتانے والا نیا اطلاق آیندہ چند ماہ کے دوران اینڈرائیڈ سمارٹ فونز کے لیے دستیاب ہوگا۔

اس اپلیکشن میں مسلمانوں کے نماز پڑھتے ہوئے آڈیو کلپس بھی شامل ہیں۔ فرم کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈینی بولڈک کے بہ قول مسلم مسافر آج کی ٹریول انڈسٹری میں شاید سب سے بڑا طبقہ ہیں جن کی طرف مارکیٹ میں توجہ نہیں کی جاتی اور ان کی ضروریات کا اس طرح خیال نہیں کیا جاتا جس کے وہ حق دار ہیں۔

کریسنٹریٹنگ اور امریکا میں قائم ایک فرم دینار اسٹینڈرڈ کی جانب سے گذشتہ سال جاری کردہ ایک مطالعے کے مطابق مسلم سیاح سال 2011ء میں سالانہ 126 ارب ڈالرز سیر وسیاحت پرخرچ کررہے تھے۔2020ء تک یہ رقم 192 ارب ڈالرز تک پہنچ جائے گی۔موخرالذکر امریکی فرم مسلمانوں کے طرز حیات اور ان کے رجحانات کا مطالعہ کرتی ہے۔