.

اسرائیلی سپر ماڈل برطانوی موسیقار کی تل ابیب مخالف مہم پر نالاں

رفائلی کی راجر واٹرز کو اپنی تصویر استعمال نہ کرنے کی وارننگ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیلی سُپر ماڈل بار رفائیلی نے برطانیہ کے مشہور راک اینڈ رول بینڈ "پِنک فلوئڈ" کے سابق لیڈر"راجر واٹرز" کو خبردار کیا ہے کہ وہ انکی تصاویر اپنے کسی کانسرٹ میں استعمال نہ کریں۔ انہوں نے یہ قدم پنک فلوئڈ بینڈ کے رکن کی جانب سے ہم عصر موسیقاروں کو اسرائیل کا بائیکاٹ کی اپیل کے بعد اٹھایا۔

برطانوی جریدے ٹیلی گراف کی ایک رپورٹ کے مطابق رفائیلی نے یہ وارننگ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے جاری کی ہے۔ یاد رہے کہ ماضی میں رفائیلی بینڈ کی وڈیوز میں اپنی شمولیت کو خوش آئند قرار دے چکی ہیں۔

واٹرز کے اسرائیل مخالف موقف سے سیخ پا ہوکر رفائیلی نے مطالبہ کیا کہ وہ [واٹرز] یا تو خود کو لاتعلق کریں یا فوری طور پرانکی تصاویر کو اپنے کانسرٹ میں استعمال کرنے سے گریز کریں۔

انہوں نے بدھ کے روز ٹویٹر پرعبرانی زبان میں بھیجے گئے اپنے پیغام میں لکھا:"راجر واٹرز! بہتر ہوگا کہ آپ اپنے پروگراموں میں سے میری تصاویر ختم کر دیں۔ اگر آپ بائیکاٹ کرنا چاہتے ہیں تو پھر ہر طرح سے کریں۔"

ان کا یہ بیان واٹرز کے کھلے خط کا جواب ہے۔ یاد رہے کہ یہ خط سب سے پہلےاتوار کے روز فلسطین حامی ویب سائٹ "الیکٹرانک انتفاضہ" میں شائع ہوا جس میں انہوں نے باقی موسیقاروں کو بھی اسرائیل میں کانسرٹس نہ کرنے پر زور دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ انہوں نے احتجاج کا یہ طریقہ اسرائیل کے نسلی امتیاز اورعلیحدگی کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرتےہوئے اپنایا ہے۔

اپنے اس خط میں واٹرز نے تمام دنیا کے راک اینڈ رول بینڈز کو مخاطب کر کے انہیں اسرائیل کے خلاف ثقافتی بائیکاٹ میں انکا ہاتھ بٹانے کی درخواست کی ہے۔ یاد رہے کہ واٹرز اسرائیل کو بین الاقوامی محاذ پر تنہا کرنے کی مہم کے سرگرم کارکن ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ انتہا پسند اسرائیل کے خلاف بائیکاٹ کرنے کے محاذ پر صرف واٹرز ہی مصروف عمل نہیں ہیں بلکہ اینی لیناکس، ایلوس کوسٹیلو جیسے برطانوی موسیقاروں اور سٹیوی ونڈر جیسے امریکی گلوکار بھی ہیں جنہوں نے 2012ء میں اسرائیلی افواج کیلئے فنڈ جمع کرنے کا ایک کانسرٹ منسوخ کر دیا تھا۔