.

حاکم دبئی کے ولی عہد کا اپنی اونٹنی کو پیار بھرا بوسہ

اٹلی کی خوبصورت جھیل الشیخ حمدان کے تخلص 'فزاع' سے موسوم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پالتو جانوروں کی اپنے مالک سے محبت ضرب المثل کی حد تک مشہور ہے. پسندیدہ جانور پالنے والے ان سے محبت کا مختلف انداز میں اظہار بھی کرتے ہیں۔ اس کی ایک تازہ مثال حاکم دبئی کے ولی عہد الشیخ حمدان بن محمد بن الراشد نے قائم کی ہے. انہوں ثابت کیا ہے کہ شہزادہ اور ان کی اونٹی ایک دوسرے سے کس حد تک محبت کرتے ہیں۔

یہ سارا منظر مختصر دورانیے کی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے جو ان دنوں انٹرنیٹ پر بہت زیادہ مقبول ہو رہی ہے۔ ویڈیو فوٹیج میں شہزادہ حمدان بن محمد اپنی "اعمار" نامی اپنی پالتو اونٹنی کو آواز دیتے ہیں تو وہ ان کی طرف دوڑی چلی آتی ہے۔ شہزادہ حمدان بھی "اعمار" کو جواب میں ایک پیار بھرا "بوسہ" دے کر اونٹنی کی محبت کا جواب دیتے ہیں۔

دبئی کے ابھرتے ہوئے ولی عہد سے متعلق ایک دوسری خبر میں بتایا گیا ہے کہ اٹلی کے ساحلی شہر"اسٹریسا" کی شہری حکومت نے ملک کی خوبصورت ترین جھیل ماگیورے کا نام بدل کر فزاع رکھ دیا ہے۔ "فزاع" دراصل شہزادہ حمدان بن محمد کا شاعرانہ نام (تخلص) ہے جو عام طور پر نجی محفلوں میں لیا جاتا ہے۔"اسٹریسا" حکومت کی جانب سے جھیل کا نام ولی عہد کے تخلص سے موسوم کرنا ان کی کشتی رانی کے مقابلوں میں دلچسپی اور کھیل کے میدان میں ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔

یاد رہے کہ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم حاکم دبئی کے انتہائی ذہین ولی عہد ہونے کے ساتھ ساتھ دبئی اسپورٹس کونسل کے چیئرمین بھی ہیں. آپ کشتی رانی کے مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے اور ایسے ایونٹ منعقد کرنے والی تنظیموں اور حکومتوں کو ہرطرح کی معاونت فراہم کرتے ہیں۔

جھیل کو "فزاع" کے نام سے موسوم کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا اہتمام اسی جھیل کے کنارے پر کیا گیا جس میں ولی عہد ناظم دفترسیف بن مرخان الکاتبی، کشتی رانی کے مقابلوں کی عالمی تنظیم "ڈبلیو، پی پی اے" کے چیئرمین سعید محمد حارب الفلاحی اور اسٹریسا شہر کے ڈپٹی میئر گوسپ بوٹینی سمیت بڑی تعداد میں اہم شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔