روسی بحری جہاز آبنائے باسفورس عبور کرنے کے بعد شام کی جانب گامزن

بحیرہ روم میں امریکی اور روسی جنگی بحری جہازوں کی نقل و حرکت جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

شام کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کے مسئلے پر امریکی صدر براک اوباما کے اعلان جنگ کے بعد علاقے میں بڑی طاقتوں کی بحری اور فضائی فوجی نقل وحرکت میں تیزی آچکی ہے اور روس نے اپنے تین جنگی بحری جہاز شام کی جانب بھیجے ہیں۔

روس کے یہ تینوں جنگی بحری جہاز جمعرات کو ترکی میں آبنائے باسفورس کو عبور کرنے کے بعد بحیرہ روم کے مشرق میں واقع شام کے ساحلی علاقے کی جانب رواں دواں تھے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے ایک فوٹو گرافر کی اطلاع کے مطابق روس کا ایس ایس وی 201 انٹیلی جنس بحری جہاز پریازوئے اور دو اور جنگی بحری جہازوں منسک اور نووشرکاسک ایشیا کو یورپ سے الگ کرنے والے آبی راستے باسفورس سے گزرے ہیں۔ یہ آبنائے استنبول کے نام سے بھی معروف ہے۔

روس کی انٹرفیکس نیوزایجنسی نے ایک فوجی عہدے دار کے حوالے سے بتایا کہ سراغرسانی پر مامور جنگی بحری جہاز پریازوئے نے گذشتہ اتوار کو یورکرین کی بندرگاہ سیواستوپول سے مشرقی بحیرہ روم پہنچنے کے لیے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔

وا ضح رہے کہ روس نے شام میں جاری خانہ جنگی کے بعد سے چار جنگی بحری جہاز مشرقی بحیرہ روم میں تعینات کررکھے ہیں اور وہ انھیں چند ماہ کے وقفے کے بعد تبدیل کرتا رہتا ہے۔

شام کے ساحلی شہر طرطوس میں روس کا ایک بحری فوجی اڈا بھی موجود ہے۔ شام نے روس کو سابق سوویت یونین کے دور میں یہ فوجی اڈا بنانے کی اجازت دی تھی۔ دونوں ممالک کے درمیان سابق صدر حافظ الاسد کے دور سے قریبی دوستانہ تعلقات استوار ہیں اور روس شام میں جاری تنازعے کے آغاز سے صدر بشارالاسد کی حمایت کرتا چلا آرہا ہے۔

روسی صدر ولادی میر پوتین اپنے امریکی ہم منصب براک اوباما کے شامی حکومت کے خلاف مجوزہ فوجی اقدام کی مخالفت کررہے ہیں۔ انھوں نے گذشتہ روز خبردار کیا تھا کہ اقوام متحدہ میں اتفاق رائے کے بغیر امریکی کانگریس میں شام کے خلاف فوجی کارروائی کی منظوری کو جارحیت سمجھا جائے گا۔ امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی نے کیمیائی ہتھیاروں کے حملے کے ردعمل میں شامی رجیم کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے قرارداد کی منظوری دے دی ہے۔ اب اس کو کانگریس کے دونوں ایوانوں میں رائے شماری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں