بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں عالمی میوزک کنسرٹ

کنسٹرٹ کے خلاف بطور احتجاج وادی میں مکمل ہڑتال رہی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

مقبوضہ کشمیر میں عالمی میوزک کنسرٹ کیخلاف مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ شوپیاں میں بھارتی فوج نے چار کشمیری نوجوانوں کو مجاہدین قراردیکر قتل کردیا۔ اپوزیشن رہنما محبوبہ مفتی نے ان ہلاکتوں کی مذمت کی ہے۔

پولیس کے سربراہ نالین پربھات نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نوجوان عسکریت پسند تھے جو پولیس کیمپ پر حملے کے بعد جوابی کارروائی میں مارے گئے، فائرنگ کے اس واقعے میں 2 شہری زخمی بھی ہوئے تاہم مقامی افراد کا کہنا ہے کہ زوبن مہتا شو کے خلاف احتجاج کرنیوالوں کے خلاف آپریشن کے دوران عام شہریوں پر فائرنگ کی گئی۔

واقعہ کیخلاف شوپیاں میں ہزاروں شہری بھارت کیخلاف نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر آگئے جنہیں منتشر کرنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس شیلنگ کی اور لاٹھی چارج کیا ۔ادھر پلوامہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کے باہر پولیس دستے پر گرنیڈ حملے میں 9 افراد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب زوبن مہتا کے میوزک کنسرٹ کے خلاف وادی بھر میں ہڑتال کی گئی۔ سری نگر کے شالیمار باغ میں منعقد ہونے والے موسیقی کنسرٹ کے پیش نظر پورے شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ تھی۔ اس کنسرٹ کو حریت پسند جماعتوں، انسانی حقوق کے اداروں اور طلبہ نے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی سے تعبیر کیا ہے۔

سری نگر شہر کی معروف ڈل جھیل کے کنارے پر تعمیر مغلیہ دور کے شالیمار گارڈنز میں خصوصی کنسرٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس کنسرٹ کو احساسِ کشمیر کا نام دیا گیا۔ کنسرٹ میں جرمن صوبے باویریا کے سرکاری آرکسٹرا نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس کنسرٹ میں آرکسٹرا کی میوزیکل پرفارمنس موسیقی کی دنیا کی معروف شخصیت زوبن مہتا کی قیادت میں ہوئی۔ زوبن مہتا کا تعلق بھارت کی پارسی کمیونٹی سے ہے۔ وہ اسرائیل کی مغربی کلاسیکی موسیقی کے اہم آرکسٹرا کے تاحیات میوزک ڈائریکٹر بھی ہیں۔

ڈل جھیل کے کنارے پر منعقد کیے گئے کنسرٹ کے لیے پندرہ سو مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ ان مہمانوں میں بھارتی حکومت کے وزراء اور غیر ملکی سفارتکار بھی شامل تھے۔ جرمن صوبے باویریا کے ریاستی آرکسٹرا نے مغربی کلاسیکی موسیقاروں کے شاہکار پیش کیے۔ جن مغربی موسیقاوروں کے میوزکل فن پارے پیش کیے گئے اُن میں جرمن موسیقاروں بیتھوفن اور ہائڈن کے علاوہ روسی موسیقار چیکافوسکی شامل ہیں۔ زوبن مہتا نے کنسرٹ سے قبل کہا کہ یہ میوزیکل تقریب یقینی طور پر اسی مقام کے ساتھ ہی حسین لگتی ہے۔

دنیا بھرمیں کنسرٹس کو کنڈکٹ کرنے والے بھارتی میوزک ڈائریکٹر کی جائے پیدائش ممبئی ہے اور انہوں نے موسیقی کی تعلیم آسٹریا سے حاصل کر رکھی ہے۔ وہ معروف میوزک کنڈکٹر ہانس سواروسکی کے شاگرد بھی ہیں۔ سری نگر کے اس کنسرٹ کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ عرصے سے اس موقع کے انتظار میں تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں