.

لتا منگیشکر کی 84ویں سالگرہ، امیتابھ اور مالنی کی مبارکباد

تیرہ برس کی عمر سے گلوکاری کرنے والی آج بھی دلوں پر راج کرتی ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

"سروں کی ملکہ" اور سحر انگیز آواز کی مالک لتا منگیشکر کی 84 ویں سالگرہ پر لاکھوں مداحوں سمیت بالی وڈ صنعت کی مایہ ناز شخصیات امیتابھ بچن اور ہیما مالنی سمیت متعدد فنکاروں نے اپنی نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

مختلف فلمی شخصیات کی طرف سے کی جانے والی نیک تمناوں کے حوالے سے امیتابھ بچن نے کہا کہ " میں نہیں سمجھتا کہ اب تک کوئی ایسا شخص دنیا میں موجود نہیں ہے جس نے لتا جی کو "وش" نہ کیا ہو۔ میں لتا جی کی لمبی عمر کے لیے دعاگو ہوں اور چاہتا ہوں کہ وہ ہمیشہ ہمارے درمیان موجود رہیں۔ امیتابھ بچن نے مزید کہا کہ میری زندگی میں ایسے کئی مواقع ہیں جن میں لتا جی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکا۔"

ہیما مالنی نے بھی لتا جی کی سالگرہ پر اپنے تاثرات کا اظہار کچھ یوں کیا کہ " ہم چاہتے ہیں وہ ہمیشہ اپنے مداحوں کے کانوں میں رس گھولتی رہیں"۔ انہوں نے اپنے آپ کے خوش قسمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ان کے کئی گانوں پر پرفارم کیا ہے جو میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔

بالی وڈ کی ایک اور فنکارہ ودیا بالن نے لتا منگیشکر کو ان کی 84 ویں سالگرہ پر صحتمندانہ اور لمبی عمر کا پیغام بھِیجا اور کہا کہ وہ ان کے گانوں سے مزید لطف اندوز ہونا چاہتی ہیں۔

بالی وڈ انڈسٹری پر راج کرنے والے حالیہ گلوکار میکا سنگھ نے بھی لتا منگیشکر کو ان کی سالگرہ پر پیغام بھیجا کہ" لتا جی کا صرف میں ہی نہیں میرے علاوہ اور بھی بہت سے گلوکار پورے ملک اور دنیا میں موجود ہیں۔ میکا سنگھ نے کہا کہ ہم بچپن سے ان کے گانے سنتے آ رہے ہیں اور ان سے کافی کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔ میکا نے انہیں لمبی عمر کی دعائیں دی۔

واضح رہے کہ لتا منگیشکر کو انڈیا کی کوئل کہا جاتا ہے۔ انہوں نے 1942 میں تیرہ برس کی عمر میں ہی گانا شروع کر دیا تھا۔ ان کا کئریر سات دہائیوں پر مشتمل ہے۔ لتا منگیشکر نے ہندی فلموں کے علاوہ دوسری کئی زبانوں میں بھی گانے گائے ہیں۔