.

"منا بھائی" کو جیل سے دو ہفتوں کیلیے ''چھٹی'' مل گئی

سنجے دت کو 1993ء ممبئی حملوں سمیت دیگر سنگین الزامات کا سامنا ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بالی وڈ کا سپر سٹار سنجے دت خرابی طبیعت کی وجہ سے چودہ دنوں کیلیے جیل سے اپنے گھر پہنچ گیا ہے۔

سنجے دت نے ممبئی کے قریب بیندرا میں اپنے گھر پہنچنے سے قبل اخبار نویسوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ قانون کا احترام کرنے والے شہری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ''آزادی کا یہ سہانا وقت میں اپنے گھر والوں کے ساتھ گزاروں گا۔'' جہاں ان کی بیوی اپنے دوبچوں اقرا اور شاہران کے ساتھ رہتی ہیں۔

53 سالہ سنجے دت کو مارچ میں 1993 کے ممبئی حملوں میں ملوث ہونے کے جرم میں سپریم کورٹ کی طرف سے 5 برس کی سزا سنائی گئی تھی۔ یاد رہے کہ اس حملے میں 250 افراد ہلاک جبکہ 750 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ دیگر جرائم میں انہیں اپنے پاس آٹومیٹک رائفل اور ایک پستول رکھنے کی وجہ سے بھی سزا سنائی گئی تھی واضح رہے کہ مذکورہ اسلحہ انہوں نے ایک ایسے شخص سے وصول کیا تھا جو ممبئی حملوں میں ملوث تھا۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے ان کی چھ برس کی سزا کو کم کر کے 5 برس کر دیا تھا۔ منا بھائی ڈیڑھ برس کا عرصہ جیل کی نذر کر چکنے کے بعد 2007 میں ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔ عدالت کی طرف سے انہیں ساڑھے تین سال جیل میں گزارنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔

سنجے دت کو پہلے ہی دہشت گردی اور سازشوں جیسے سنگین الزامات سے بری کر دیا گیا تھا۔