.

مصر: "گراڈ" میزائلوں سمیت اسلحہ بارود کی بھاری مقدار برآمد

"مکان کواسلحہ کارخانہ کے طور پراستعمال کیا جاتا تھا"

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کی وزارت داخلہ نے تلاشی کے دوران "گراڈ"ساختہ میزائلوں سمیت اسلحے کی بھاری مقدار قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ماتحت ایک سیکیورٹی عہدیدار کا کہنا ہے کہ دیسی ساختہ اسلحہ ضلع الشرقیہ میں بلبیس شہر میں ایک مکان سے ملا ہے۔ یہ اسلحہ اسی مکان میں تیار کیا جاتا تھا۔

وزارت داخلہ کے عہدیدار نے بتایا کہ ضلع الشرقیہ میں العدلیہ کے مقام پر پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں کو قریب ہی ایک کھیت میں دھماکے کی آواز سنائی دی اور ساتھ ٓگ بھی بھڑک اٹھی۔ پولیس اہلکاروں نے اورسیکیورٹی حکام نے فوری طورپر علاقے کا محاصرہ کرکے پہلے آگ پرقابو پایا۔ بعد میں مکانوں کی تلاشی شروع کردی۔

تلاشی کے دوران پولیس کو کھیت میں زیرزمین بنکر نما ایک مکان کا پتہ چلا جس کی تلاشی کے دوران 80 ملی میٹر دھانے والے "ہاون راکٹ لانچر" زمین سے زمین پر مار کرنے والے "گراڈ" میزائل،"ایف این" گرنیڈ، رائفلیں، آر پی جی راکٹ اور بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد ملا ہے۔ مکان کا ایک کمرہ اسلحہ کی تیاری کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ زرعی اراضی اور اسلحہ کا ذخیرہ ایک تکفیری جہادی گروپ کے کمانڈر کی ملکیت بتایا جاتا ہے۔ جائے وقوعہ سے کسی شخص کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ حکام نے اسلحہ قبضے میں لے کراس کی مزید جانچ پڑتال شروع کردی ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔