.

سعودی عرب: جیل میں بدنظمی پھیلانے کی سازش ناکام بنادی گئی

آتشزدگی سے جیل کے دفاتر خاکستر، چار افراد زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب شمالی شہرالقصیم میں واقع البریدہ جیل میں گذشتہ روز ہونے والی بدنظمی اور قیدیوں کی جانب سے جیل کے دفاتر کو لگائی جانے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ قیدیوں نے جیل میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کے دوران جیل کے تین دفتر نذرآتش کردیے تھے تاہم حکام نے فائر بریگیڈ کی مدد سے جلد ہی آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا۔

البریدہ سینٹرل جیل کے ڈائریکٹر نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ ہفتے کے روز بعض قیدیوں نے جیل میں اس وقت بدنظمی پھیلانے کی کوشش کی جب قیدیوں کی ہفتہ وار ملاقاتوں کا سلسلہ جاری تھا۔ اس دوران کچھ قیدیوں نے قانون ہاتھ میں لیتے ہوئے جیل کے دفاترمیں توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگا دی۔ تاہم سیکیورٹی حکام اور فائر بریگیڈ کے عملے کے مشترکہ آپریشن میں آگ پرقابو پا لیا گیا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں تین دفتروں کا ریکارڈ جل کرخاکسترہوگیا ہے۔

جیل عہدیدار کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں دو قیدی اور دو سیکیورٹی عملے کے دو اہلکار بھی معمولی زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طورپر طبی امداد فراہم کردی گئی تھی۔ حکام نے جیل میں ہونے والی گڑ بڑ اور آگ لگانے کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔