.

ایران اور امریکا کے درمیان فضائی سروس کی جلد بحالی کا امکان

امریکا میں مقیم ایرانیوں کو زر مبادلہ بھیجنے میں آسانی ہو گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایرانی ایوان صنعت وتجارت کے ایک سرکردہ عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ تہران اورواشنگٹن کے درمیان فضائی سروس کی بحالی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ جلد ہی دونوں ملکوں کے درمیان ہوائی جہازوں کی براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایرانی ایوان صنعت وتجارت کے رکن ابو الفضل حجازی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کئی سال کے تعطل کے بعد دونوں ملک فضائی سروس کی بحالی پرتیار ہیں۔

درایں اثناء اخبار "اکنامک ورلڈ" کی رپورٹ می بتایا گیا ہے ایران اور امریکا کی بعض فضائی کمپنیاں تہران اور واشنگٹن میں پروازوں کی بحالی کے لیے اپنے طورپر تیاری کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں ایرانی فضائی کمپنی"زمرد خلیج فارس" پیش پیش ہے۔

ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے مشیر سید اکبر ترکان نے بھی اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا میں ایرانی شہریوں کی بڑی تعداد قیام پذیر ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست فضائی سروس کی بحالی سے ایرانی شہری زرمبادلہ ایران بھیج سکیں گے۔

اکبر ترکان کا کہنا تھا کہ صدر حسن روحانی نے دو ماہ قبل اپنے دورہ نیویارک کے دوران امریکا میں مقیم ایرانی شہریوں سے ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان فضائی سروس کی بحالی کا فیصلہ کرلیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ امریکا میں موجودایرانی شہریوں کے مطالبے پر کیا گیا ہے۔