.

حکیم اللہ محسود کو 'غلط وقت' پر ہلاک کیا گیا: حامد کرزئی

امریکی اراکین کانگریس سے گفتگو میں کرزئی کا اظہار خیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے بعد افغانستان نے بھی امریکی ڈرون حملے میں تحریکِ طالبان پاکستان کے امیر حکیم اللہ محسود کی ہلاکت پر تنقید کی ہے اور افغان صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ طالبان رہنما کو ’غلط وقت پر‘ مارا کیا گیا ہے۔

افغان صدراتی محل سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر کرزئی نے یہ بات امریکی اراکینِ کانگریس کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

اتوار کی شب سامنے آنے والے بیان کے مطابق صدر کرزئی نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ اس ہلاکت کے باوجود قیامِ امن کی کوششیں متاثر نہیں ہوں گی۔

صدر کرزئی کا کہنا تھا کہ یہ کوششیں ابھی اپنے ابتدائی مراحل میں ہی تھیں اس لیے ان کے زیادہ متاثر ہونے کا امکان نہیں ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں لندن میں افغان صدر نے پاکستانی وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی تھی جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی امید بھی ظاہر کی گئی تھی۔

اس سے قبل پاکستان نے امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملے کا نشانہ بننے والے پاکستانی طالبان کے سربراہ کی ہلاکت کو امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ حالیہ ڈرون حملوں کی وجہ سے ملک میں قیام امن کے لیے تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ بات چیت کی کوششوں پر منفی اثر پڑے گا۔