.

کینیا: ویسٹ گیٹ مال پر حملہ، 4 مشتبہ افراد کے خلاف چارج شیٹ

چاروں ملزموں کا دہشت گردوں کی مدد سے متعلق الزامات کی صحت سے انکار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں واقع ویسٹ گیٹ مال پرستمبر میں حملے کے الزام میں چار مشتبہ افراد کے خلاف فرد الزام عاید کر دی گئی ہے۔

فرد الزام (چارج شیٹ) میں کہا گیا ہے کہ ''ملزموں نے 21 ستمبر کو ویسٹ گیٹ شاپنگ مال پر دہشت گردی کے حملے میں ایک دہشت گرد گروپ کی مدد کی تھی''۔ القاعدہ سے وابستہ صومالی جنگجو تنظیم الشباب نے اس حملے کی ذمے داری قبول کی تھی اور اس واقعے میں 67 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

تمام چاروں ملزموں نے اپنے خلاف عاید کردہ الزامات کی صحت سے انکار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ قصوروار نہیں ہیں۔وہ کینیا میں غیر قانونی طور پر اور جعلی دستاویزات کے ذریعے داخل ہوئے تھے۔ تاہم ان میں سے کوئی بھی شاپنگ مال پر حملہ کرنے والوں میں شامل نہیں تھا۔

یہ چاروں ملزمان نسلی طور پر صومالی ہیں اور ان کے نام محمد احمد عابدی، لبن عبداللہ، عدنان اور حسین حسن بتائے گئے ہیں۔ ان کا کوئی وکیل نہیں ہے۔ استغاثہ کی درخواست پر وہ ایک ہفتے تک حراستی ریمانڈ پر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ نیروبی کے شاپنگ مال پر صرف چار مسلح افراد نے حملہ کیا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق انھوں نے عملے اور خریداروں پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور ان کی جانب دستی بم پھینکے تھے۔ انھوں نے متعدد زخمی افراد کو بڑے بہیمانہ انداز میں قریب بلا کر گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ کینیا کی سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں یہ چاروں حملہ آور بھی مارے گئے تھے۔