.

آئی اے ای اے کے سربراہ آیندہ ہفتے ایران کا دورہ کریں گے

فریقین جوہری تنصیبات کے معائنے کے لیےسمجھوتے پرمتفق ہوجائیں گے:صالحی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ویانا میں قائم جوہری توانائی کے عالمی ادارے (آئی اے ای اے) کے سربراہ یوکی یا امانو آیندہ ہفتے ایران کا دورہ کریں گے۔

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے منگل کو اطلاع دی ہے کہ یوکی یاامانو کی 11 نومبر کو تہران آمد متوقع ہے۔ایران کے جوہری توانائی ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ ان کے دورے کے موقع پر فریقین جوہری تنصیبات کے معائنے کے لیے کسی سمجھوتے پر متفق ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ ؁ 2012ء کے بعد آئی اے ای اے اور ایران کے درمیان مذاکرات کے متعدد دور ہوچکے ہیں لیکن ان میں جوہری تنصیبات کے معائنے کے لیے کسی طریق کار پرکوئی اتفاق رائے نہیں ہوسکا تھا۔

ویانا میں گذشتہ ہفتے آئی اے ای اے اور ایرانی حکام کے درمیان بات چیت کو جانبین نے بہت تعمیری قراردیا تھا۔اب ان کے درمیان بات چیت کا نیا دور 11 نومبر کو تہران میں ہوگا لیکن ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا یوکی یو امانو اس میں شرکت کریں گے یا نہیں۔آئی اے ای اے نے بھی اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔