.

یوای اے:اخوان کے 30 مشتبہ ارکان کے خلاف ٹرائل کا آغاز

آپ کے ساتھ یا آپ کے خلاف انصاف کیا جائے گا:جج کی مدعاعلیہان کو یقین دہانی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی سپریم یونین کورٹ نے بیس مصری شہریوں اور دس اماراتیوں کے خلاف اخوان المسلمون کے غیرقانونی سیل کے قیام کی سازش کے الزام میں مقدمے کی سماعت شروع کردی ہے۔

منگل کو ابوظہبی میں قائم عدالت میں چوبیس مدعاعلیہان اپنے خاندانوں ،قانونی نمائندوں اور میڈیا کے ساتھ حاضر تھے۔باقی چھے افراد کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ یو اے ای سے فرار ہوکر جاچکے ہیں۔یہ تمام مفرور ملزمان مصری ہیں۔

ان سب پر الزام ہے کہ انھوں نے مصر کی سب سے منظم جماعت اخوان المسلمون کی متحدہ عرب امارات میں کسی اجازت کے بغیرایک شاخ قائم کی تھی اور وہ اس کو چلا رہے تھے۔

ان میں سے بعض پر ریاست کی خفیہ معلومات کو افشاء کرنے اور بعض پر بلا اجازت عطیات ،زکوٰۃ اور رکنیت فیس کی شکل میں رقوم جمع کرنے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔

عدالت کے جج نے سماعت کے آغاز پر کہا کہ ''آپ محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔آپ کے ساتھ یا آپ کے خلاف انصاف کیا جائے گا''۔

جج نے بعض مدعاعلیہان کے طبی معائنے کے لیے ایک میڈیکل کمیٹی مقرر کی ہے اور پھر مقدمے کی مزید سماعت 12 نومبر تک ملتوی کردی۔عدالت نے وکلاء کو اس تاریخ کو گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔