.

جزیرہ سینا میں "سام 7" میزائلوں اور اسلحہ کا بھاری ذخیرہ برآمد

سرچ آپریشن میں 19 مشتبہ جنگجو گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کی سیکیورٹی فورسز نے جزیرہ نما سینا کے شمالی رفح شہر میں تلاشی کی کارروائی کے دوران "سام 7" میزائلوں اور اسلحہ و بارود کی بھاری مقدار قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کو سرحدی علاقے میں تلاشی کی کارروائیوں میں کم سے کم انیس مشتبہ جنگجوؤں کو بھی حراست میں لے کران کی بیس جھونپڑیاں مسمار کر دی گئی ہیں۔

مصری بارڈر پولیس کے ذرائع کے مطابق اتوار کے روز رفح شہر میں معمول کی تلاشی کی کارروائیوں میں "سام 7" میزائلوں کا ایک ذخیرہ پکڑا گیا ہے۔ اس ذخیرے سے خودکار اسلحہ اور بڑی تعداد میں شارٹ گنیز بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسزکی کارروائی میں الشیخ زوید کے مقام سے 12 اور العریش سے سات مشتبہ جنگجوؤں کو حراست میں لینے کے بعد انہیں تفتیشی مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دہشت گردی کے مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی بیس جھونپڑیوں کو بمباری کرکے تباہ کردیا گیا ہے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ شمالی سیناء میں فورسز کی کاررائی مزید کئی ایام تک جاری رہے گی کیونکہ وہاں سے ملنے والے اسلحہ اور جنگجوؤں کے پکڑے جانے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کو مزید توسیع دینے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
درایں اثناء العریش شہر میں مساعید کے مقام پر ایک پٹرول پمپ کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا، تاہم اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے پٹرول پمپ کے قریب ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی جو ممکنہ طورپر باوردی سرنگ کے پھٹنے کی آواز ہو سکتی ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک ایسی جگہ میں ہوا ہے اکثر سیکیورٹی اہلکار گشت کرتے دکھائی دیتے ہیں تاہم دھماکے کے وقت اس جگہ کوئی شخص موجود نہیں تھا جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔