.

جوئے باز، حاسد اور ناشکرے لوگ قابل سپاس نہیں: السدیس

العربیہ کی ٹیم اور حج منتظمین کےاعزاز میں استقبالیہ تقریب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں الحرمین الشریفین کی دیکھ بحال سے متعلق کمیٹی کے چیئرمین الشیخ ڈاکٹرعبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس نے رواں سال منفرد انداز میں حج اور مناسک حج کی ادائی میں معاونت کرنے والے کارکنوں اور اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ تمام ادارے اور افراد لائق تحسین ہیں جنہوں نے حج جیسے مقدس فریضے کے دوران اللہ کے مہمانوں کی خدمت کی اور فریضہ حج کے دوران امن وسکون قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ تاہم ناشکرے، جوئے باز اور منافرت پھیلانے والے عناصر کسی ہمدردی اور غمگساری کے قابل نہیں ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق الشیخ السدیس نے ان خیالات کا اظہار "العربیہ" ٹیلی ویژن چینل کی ٹیم اور منتظمین الحرمین الشریفین کے اعزاز میں منعقدہ ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال موسم حج کے موقع پر ماضی کی نسبت حج کے انتظامات منفرد طریقے سے کیے گئے تھے۔ یہ ان کارکنوں کی محنت اور خلوص کا نتیجہ ہے جنہوں نے اللہ کے مہمانوں کے لیے اپنا آرام و سکون قربان کیا لیکن حجاج کرام اور عاشاقان رسول کی دن رات خدمت کی۔

انہوں نے کہا کہ حج کے موقع پرحجاج کی خدمت کرنے والے ہمارے بھائی ہمارے لیے باعث فخر ہیں۔ ہم انہیں اپنا سردار سمجھتے ہوئے حد درجہ احترام کا درجہ دیتے ہیں۔ ایسے ہی افراد ہماری قوم کا سرمایہ افتخار ہیں اورعالم اسلام ایسے سپوتوں پرفخر کرتار رہے گا۔

الشیخ السدیس نے جہاں حجاج کرام کی خدمت انجام دینے والے میزبانوں کو خراج تحسین پیش کیا وہیں ملک میں منافرت پھیلانے، جوئے بازی جیسے مکروہ دھندے کرنے اور ناشکری کا مظاہرہ کرنے والوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ "ناشکری کرنے والے، جوئے باز اور منافرت پھیلانے والے حاسد کسی سپاس گذاری کے مستحق نہیں ہیں"۔

امام کعبہ نے حج کے موقع پرالعربیہ ٹی وی کی خدمات کی تعریف کی اور الحرمین الشریفین کا پیغام عالم اسلام تک پہنچانے میں ٹی وی کی انتظامیہ کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کو سراہا۔