.

دبئی عالمی نمائش 2020ء کا میزبان شہر منتخب

روسی شہر ایکتنبرگ دوسرے نمبر پر رہا، ازمیر اور ساؤپاؤلو مقابلے سے باہر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کو 2020ء میں منعقد ہونے والی عالمی نمائش کا میزبان منتخب کر لیا گیا ہے۔

ایکسپو 2020ء کی میزبانی کے لیے دبئی سمیت چار شہروں کے درمیان مقابلہ تھا۔پیرس میں بدھ کو ہونے والی ووٹنگ میں دبئی نے پہلے مرحلے میں 47.24 فی صد ووٹ حاصل کیے۔اس کا قریب ترین حریف روس کا شہر ایکتنبرگ رہا۔اس کی حمایت میں 23.93 ووٹ ڈالے گئے جبکہ ترکی کے شہر ازمیر نے 20.25 فی صد اور برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو نے صرف 7.8 فی صد ووٹ حاصل کیے۔اس طرح وہ پہلے مرحلے ہی میں مقابلے سے باہر ہوگیا۔

دوسرے مرحلے میں دبئی نے 52.73 فی صد ،روسی شہر نے 24.85 اور ازمیر نے 21.82 ووٹ لیے۔اس مرحلے میں ترک شہر آؤٹ ہوگیا اور پھر مقابلے کے حتمی مرحلے میں دبئی میزبانی کے لیے فاتح ٹھہرا ہے۔

ان چاروں شہروں کے حکام نے رائے شماری سے قبل پیرس میں عالمی نمائش 2020ء کی میزبانی کے لیے بیس بیس منٹ کی پریزینٹیشن دی اور اس میں یہ واضح کیا کہ وہ کیونکر اس عالمی نمائش کی میزبانی کا دعویٰ کررہے ہیں اور وہ اس نمائش کے انعقاد کے لیے کیا کیا اقدامات کریں گے۔

یو اے ای کی وزیر مملکت اور دبئی ایکسپو 2020ء کی نیلامی کمیٹی کی میجنجنگ ڈائریکٹر ریم الہاشمی نے کہا کہ ''امارات اس نمائش کو وہ شناخت دے گا،جس کی وہ حق دار ہے''۔انھوں نے شرکاء سے کہا کہ ''آج سہ پہر جب آپ آپ ووٹ ڈالنے جارہے ہیں تو آپ کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ آپ کے فیصلے کی ایک قوت ہے اور وہ نہ صرف آپ کے یا میرے ملک بلکہ پوری انسانیت کے مستقبل کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے''۔

عالمی نمائش کے میزبان شہرکے انتخاب کے لیے عالمی نمائش بیورو(بی آئی ای) کے ارکان 168 ممالک نے رائے شماری میں حصہ لیا ہے۔اب دبئی ایکسپو 2020ء کی میزبانی کے حصول کے بعد انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر پندرہ سے اٹھارہ ارب ڈالرز کے درمیان رقوم خرچ کرے گا۔

واضح رہے کہ عالمی نمائش ہر پانچ سال کے بعد منعقد ہوتی ہے۔گذشتہ ورلڈ ایکسپو چین کے شہر شنگھائی میں منعقد ہوئی تھی اور 2015ء کا میزبان اٹلی کا شہر میلان ہوگا۔ پہلی عالمی نمائش 1851ء میں منعقد ہوئی تھی۔اس کے دوران دنیا بھر کے ممالک اپنی اپنی مصنوعات ،ایجادات اور جدید ٹیکنالوجی کی نمائش کرتے ہیں اور چھے ماہ تک جاری رہنے والی اس عالمی نمائش میں رنگا رنگ خوبصورت پویلین سجائے جاتے ہیں اور دیگر پروگراموں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔