.

جدہ: ٹریفک کی فضائی مانیٹرنگ اور سیکیورٹی کا منصوبہ

منصوبے سے سڑکوں پر رش کم کرنے میں مدد ملے گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں سڑکوں پر ٹریفک کا بہاؤ یقینی بنانے کے لیے فضائی مانیٹرنگ اور سیکیورٹی کے ایک نئے پروجیکٹ کا افتتاح کیا گیا ہے۔ فضائی نگرانی میں ٹریفک پولیس اور سیکیورٹی حکام کو ابلاغی اداروں کی جانب سے بھی بھرپورتعاون فراہم کیا جائے گا۔ منصوبے پرعمل درآمد سے شہر کی پُرھجوم سڑکوں پر مصروف اوقات میں رش کم کرنے اور کسی بھی رکاوٹ کو فوری ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جدہ ٹریفک پولیس، سیکیورٹی حکام اور ابلاغی ادارے اپنے اس مشترکہ منصوبے کی کامیابی کے لیے پرامید دکھائی دیتے ہیں۔ منصوبے میں شامل تمام اداروں نے ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کا عزم کیا ہے۔

جدہ میں ٹریفک کی فضائی نگرانی کے پروگرام کی افتتاحی تقریب کے بعد "العربیہ" سے گفتگو کرتے ہوئے سٹی ٹریفک چیف میجر وصل اللہ الحربی نے کہا کہ انہوں نے شہر کی ٹریفک کی مانیٹرنگ کے لیے ہیلی کاپٹروں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہیلی کاپٹروں میں جدید کیمرے اور مواصلاتی آلات نصب ہوں گے جو فضاء میں پرواز کے دوران ٹریفک کی تصاویر اور فوٹیج ٹریفک کنٹرول روم کو ارسال کریں گے۔

کنٹرول روم ان تصاویر کی مدد سے موقع پرموجود ٹریفک حکام کو فوری کارروائی کا حکم دے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کی رہ نمائی کے لیے کنٹرول روم اور "ایف ایم" ریڈیو چینلز کے درمیان بھی رابطہ رہے گا اور ٹریفک سے متعلق کوئی بھی اہم خبر ایف ایم ریڈیو کے ذریعے فوری شہریوں تک پہنچائی جائے گی۔