.

عوام کو مجھ جیسا احترام دیں؛ شاہ عبداللہ کی وزراء کو ہدایت

بجٹ منظوری کے موقع پر سعودی فرمانروا کا صدارتی خطاب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس سے اپنے صدارتی خطاب میں وزراء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ چھوٹے اور بڑے ہر عمر کے شہری سے ملتے ہوئے یہ بات ذہن نشین رکھیں کہ وہ عوام سے نہیں بلکہ مجھ سے بات کر رہے ہوتے ہیں۔

سوموار کے روز سعودی عرب کا میزاینہ برائے سال 2014ء منظوری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاہ عبداللہ نے کہا کہ "میری اپیل ہے کہ تمام وزرا بالخصوص وزیر خارجہ اور ان کے ماتحت سفراء ہر عمر کے شہریوں سے ملاقات میں انہیں وہی عزت و تکریم دیں جو وہ مجھ سے ملاقات کے موقع پر دیتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا وزیروں سے مطالبہ ہے کہ وہ اللہ کو حاضر ناظر جان کر خلوص اور امانت کے ساتھ اپنا فریضہ سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات لائق مبارکباد ہے کہ دین، ملک، عوام غرض انسانیت کی کوئی بھی خدمت ہو، اس میں مملکت سعودی عرب سے ہمیشہ مدد مانگی جاتی ہے۔ ہم سے ہمیشہ اسلام کی خدمت کے لئے تعاون کی امید رکھی جاتی ہے۔

سعودی فرمانروا نے اپنی تقریر کے اختتام پر کہا کہ اللہ ہی تمام تعریفوں کا سزا وار ہے، وہی ہماری کمزوریوں کے باوجود ہماری کوشش کو قبول کرنے والا ہے، اللہ ہم سب کو ایسی مقبول نیکیوں کی توفیق دے۔