رومن کیتھولک کے روحانی پیشوا کی شام میں قیام امن کی دعا

کرسمس کا پیغام امن ،محبت اور بھائی چارے کا پیغام ہے:بشپ فرید طوال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

رومن کیتھولک کے روحانی پیشوا پوپ فرانسیس نے کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں شام میں قیام امن اور انسانی امداد تک رسائی دینے اور جنوبی سوڈان میں سماجی ہم آہنگی کی ضرورت پر زوردیا ہے۔

پوپ فرانسیس نے بدھ کو ویٹی کن میں سینٹ پیٹرز باسلیکا کی بالکونی سے ہزاروں افراد کے اجتماع سے اپنے خطاب میں جمہوریہ وسطی افریقہ میں بچہ فوجیوں کو بچانے کے لیے روحانی امداد کی دعا کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان بچوں کا بچپنا چُرا لیا گیا ہے مگر انھیں نظرانداز کیا جارہا ہے۔انھوں نے کہا کہ وہ ان لوگوں کے ساتھ مل کر کرسمس کے گیت گارہے ہیں جو ایک بہتر دنیا کی امید رکھتے ہیں اور جنھیں دوسروں کا خیال ہے۔

برطانیہ میں کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن ویلبی نے کرسمس کے موقع پر مشرق وسطیٰ میں عیسائی برادری سے ناروا سلوک کی مذمت کی ہے۔ان کے بہ قول عیسائیوں پر حملے کیے جارہے ہیں اور انھیں قتل کیا جارہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں عیسائی برادری کو ناانصافی کا سامنا ہے اور انھیں ڈرایا دھمکایا جارہا ہے اور انھیں ایک ایسے خطے سے جلا وطنی پر مجبور کیا جارہا ہے جہاں ان کی موجودگی ہمیشہ ناگزیر رہی ہے۔

آرچ بشپ ویلبی نے کہا کہ ہمیں جنوبی سوڈان سے خوفناک خبریں مل رہی ہیں اور وہاں سیاسی خواہشات نے نسلی تنازعے کا روپ دھار لیا ہے۔

مقدس سرزمین فلسطین میں رومن کیتھولک کے سب سے سینیر عیسائی عالم آرچ بشپ فواد طوال نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جائے پیدائش شہر بیت لحم میں آمد کے موقع پر کہا کہ کرسمس کا پیغام امن ،محبت اور بھائی چارے کا پیغام ہے۔

بشپ فواد طوال نے گذشتہ ہفتے اپنے کرسمس پیغام میں فلسطینی عوام کو درپیش مصائب اور شام میں گذشتہ تینتیس ماہ سے جاری تنازعے کے حوالے سے گفتگو کی تھی۔انھوں نے کہا کہ جب تک تنازعہ فلسطین طے نہیں ہوجاتا،اس وقت تک ہمارے لوگ مصائب کا شکار رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تنازعہ مشرق وسطیٰ میں استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آبادکاروں کے لیے تعمیرات جاری رکھنے کی وجہ سے فریقین کے درمیان تنازعے کے حل کے لیے مذاکرات کے عمل میں بھی رکاوٹیں پڑ رہی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں