.

قبرص کے سرکاری ٹی وی نے سابق صدر کا تہنیتی پیغام نشر کردیا

براڈ کاسٹنگ کارپوریشن نے غلطی سے پیش آئے واقعے کی تحقیقات شروع کردی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

قبرص کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل نے سال 2014ء کی آمد پر موجودہ صدر مملکت اناسٹا سیاڈس کے بجائے غلطی سے سابق صدر ڈیمٹریس کریسٹوفیس کا پہلے سے آرکائیو میں موجود تہنیتی پیغام نشر کردیا جس کے باعث ٹی وی کی انتظامیہ کو سخت سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

قبرص کی براڈ کاسٹنگ کارپوریشن نے سرکاری ٹی وی پر موجودہ صدر کے تہنیتی پیغام کے بجائے سابق صدر کا ریکارڈ بیان نشر ہونےکے واقعے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

کارپوریشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اکتیس دسمبر کو مقامی وقت کے مطابق دن دو بجے سرکاری ٹیلی ویژن چینل پر نشر ہونے والی خبر کے ساتھ سابق صدر کی فوٹیچ چلنے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

قبرص کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹیلی ویژن چینل نے بھی اپنے طور پر اس غلطی کی تحقیقات شروع کی ہیں۔ خیال رہے کہ سابق صدر کریسٹوفیس کو فروری 2013ء کے صدارتی انتخابات میں اناسٹا سیاڈس کے ہاتھوں شکست ہوگئی تھی۔