.

فرانسیسی جریدے نے صدر اولاند کا اداکارہ کے ساتھ "معاشقہ" چھاپ دیا

فرانسو اولاند کی میگزین کے خلاف قانون چارہ جوئی کی دھمکی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فرانسیسی صدر فرانسو اولاند نے ایک خوبرو اداکارہ کے ساتھ مبینہ "معاشقے" کی خبر اور تصاویر شائع کرنے پر ایک مقامی ہفت روزہ کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میگزین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی دھمکی دی ہے۔

خیال رہے کہ جریدہ "کلوزر" نے اپنے حالیہ ایڈیشن میں صدر اولاند کے اداکارہ ژولی گائیے سے معاشقے پر مبنی سات صفحات پر مشتمل ایک طویل تحقیاتی فیچر شائع کیا ہے جس میں فرانسو اولاند اور اداکارہ کے درمیان ہوئی ملاقاتوں کی تصاویر بھی شامل کی گئی ہیں۔

جریدے کے سرورق پر" فرانسواولانڈ اور ژولی گائییے۔ صدر کے گرم راز" کی شہ سرخی جمائی گئی ہے۔

میگزین کے مطابق سال نو کے قریب صدر اولاند ہیلمٹ پہن کر موٹر سائیکل پر اپنی دوست اداکارہ کے فلیٹ پر پہنچے تھے۔ تاہم یہ موٹر سائیکل ایک دوسرا شخص چلا رہا تھا۔ اخبار نے موٹر سائیکل پر اداکارہ کے گھر جانے کی تصویر بھی شائع کی ہے۔ اخبار نے تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے انہیں"حیران کن" قرار دیا ہے اور لکھا ہے فرانسو اولاند اکثر اپنی دوست اداکارہ کے ہاں رات گذارتے چلے جاتے ہیں۔

میگزین نے ایسی تصاویر بھی چھاپی ہیں جن میں صدارتی محل کے محافظ علی الصبح صدر فرانسوا اولاند کے لیے کروساں لے کر فلیٹ پر پہنچتے ہیں جہاں وہ مبینہ طور پر اداکارہ دوست ژولی کے ساتھ رات گزار رہے ہیں۔

خیال رہے کہ صدر فرانسو اولاند اب تک دو شادیاں کرچکے ہیں۔ اس وقت وہ صحافی ویلری ٹرائر ویلر کے شوہر ہیں۔ قبل ازیں وہ خاتون سیاست دان اور شکست خوردہ صدارتی امیدوار سیگولین رائل کے لائف پارٹنر بھی رہ چکے ہیں۔ رائل سے اولانڈ کے چار بچے ہیں۔

صدر فرانسواولاند نے اخبار میں شائع معاشقے کی تردید تو نہیں کی لیکن اسکینڈل اچھالنے کو اپنی ذاتی زندگی کی توہین قرار دیا ہے۔ خبر رساں ادارے "اے ایف پی" سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "پرائیوسی ہر شہری کا حق ہے۔ اخبار نے جو کچھ شائع کیا ہے وہ میری ذاتی اور نجی زندگی کی توہین ہے"۔

فرانسیسی صدر نے اپنے دفتر کی بجائے ذاتی طور پر بیان جاری کیا ہے جس میں انھوں نے کہا کہ وہ ہفت روزہ کلوزر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا سوچ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ 41 سالہ ادکارہ ژولی گائیے فرانس کی جانی پہچانی فیشن ماڈل اور فلمی اداکارہ ہیں۔ وہ اب تک پچاس سے زائد فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں۔ سنہ 2013ء میں بھی انٹرنیٹ پر ان کے صدر اولاند سے معاشقے کی خبریں شائع ہوتی رہی ہیں۔ ژولی کی جانب سے ان خبروں کی سختی سے ترید کی جاتی رہی ہے تاہم صدر اولانڈ نے اداکارہ کے ساتھ مبینہ "محبت" سے انکار تو نہیں کیا البتہ انہوں نے اسے ذاتی زندگی کی توہین قرار دیا۔

اداکارہ ژولی گائیے دو سال قبل صدر فرانسو اولاند کی صدارتی مہم بھی ان کے ساتھ پیش پیش رہی ہیں۔ انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اولاند کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی تھی۔