.

الندوہ اخبار کا نیا نام 'مکہ مکرمہ' قرار، ڈیزائن بھی تبدیل

گورنر مکہ معظمہ کے دستخطوں سے اخبار کا پہلا پرچہ جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں مکہ مکرمہ دارالندوہ برائے طباعت و اشاعت کے زیر اہتمام شائع ہونے والے پرانے اخبار"الندوہ" کا نام اور ڈیزائن تبدیل کرنے کے بعد نئے انداز میں اس کی اشاعت شروع کردی گئی ہے۔

العربیہ ٹی وی کے مطابق نام اور ڈیزائل کی تبدیلی کے لیے باضابطہ طور پرایک پروقارتقریب جامعہ ام القریٰ کے شاہ عبدالعزیز ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں گورنر مکہ معظمہ شہزادہ مشعل بن عبداللہ بن عبدالعزیز، وزیرثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عبدالعزیز خوجہ الندوہ پرنٹگ پریس کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر صالح کامل، صحافیوں، کاروباری حضرات اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں الندوہ اخبار کا نام تبدیل کرکے" مکہ مکرمہ" رکھنے کا اعلان کیا گیا اور اس کا نیا ڈیزائن بھی دکھایا گیا۔ مکہ مکرمہ میں طباعت واطلاعات فاؤنڈیشن کے چیئرمین صالح بن عبداللہ کامل نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ نام کی تبدیلی کے بعد اخبار"المکہ المکرمہ" کا پہلا پرچہ [آج] سوموارکو اسلامی مہینے ربیع الاول 12 تاریخ کو جاری کیا جا رہا ہے جو عالم اسلام کے ایک اہم ترین تاریخی واقعے کے ساتھ بھی اپنی ایک خاص نسبت رکھے گا۔

اخبار کے چیف ایڈیٹر عثمان الصینی نے"العربیہ" ٹی وی سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اخبار کے نام کی تبدیلی کے ساتھ اس میں خبروں کے ڈیزائن کے طریقہ کار کو بھی تبدیل کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اخبار کا نام "مکہ مکرمہ" رکھنے کا یہ مطلب ہر گز نہیں اس پرچے میں صرف کہ مکہ ہی کی خبریں ہوں گی بلکہ یہ ایک اہم قومی روز نامہ ہے جس میں پورے ملک اور اہم ترین عالمی خبروں کو بھی جگہ ملے گی۔ نیز یہ اخبار قوم کے تمام طبقات کا نمائندہ پرچہ ہوگا۔

تقریب کے اختتام پر نئے نام اور ڈیزائن کے مطابق تیار کردہ پرچوں کی نمائش کی گئی۔ اس موقع پرامیرمکہ مکرمہ شہزادہ مشعل بن عبداللہ بن عبدالعزیز نے اپنے دستخطوں سے اخبار کی پہلی کاپی کے اجراء کی منظوری دی۔

خیال رہے کہ مکہ مکرمہ پر الندوہ طباعت و شاعت کے زیر اہتمام "الندوہ" اخبار پہلی مرتبہ سنہ 1958ء کو جاری کیا گیا تھا۔ اس کے بعد یہ اخبار مسلسل شائع ہوتا رہا ہے۔ الندوہ اخبارعوامی اور صحافتی حلقوں میں یکساں مقبول پرچہ رہا ہے۔ نام اور ڈیزائن کی تبدیلی کے بعد اس کی مقبولیت میں مزید اضافے کی توقع ہے۔