.

'افیئر' نجی معاملہ ہے، جلد حل کرلیں گے: فرانسیسی صدر

11 فروری کو دورہ امریکا سے پہلے خاتون اول کا فیصلہ ہو جائے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فرانسیسی صدر نے اعتراف کیا ہے کہ خاتون اوّل ٹریئر ویلر کے ساتھ بہت مشکل حالات کا سامنا ہے۔ اولاند کو ایک اداکارہ کے ساتھ تعلقات کے الزام کا سامنا ہے۔

چند روز قبل فرانس کے صدر فرانسوا اولاند کا ایک ملکی اداکارہ ژولی گائیے کے ساتھ مبینہ رومانی تعلق کا راز فاش ہو گیا۔ اس تعلق کے منظر عام پر آنے کے بعد نجی زندگی کے بارے فرانسوا اولاند کے احساسات و خیالات تواتر سے سامنے آ رہے ہیں۔ ان بیانات میں فرانسیسی صدر نے اپنے مبینہ رومانی تعلق کا نہ اعتراف کیا اور نہ ہی تردید کی۔ اس صورت حال میں بڑی تبدیلی اُس وقت پیدا ہوئی جب ان کی پارٹنر ویلیری ٹریئر ویلر کو شدید ذہنی دباؤ کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا۔

فرانسیسی صدر نے گذشتہ روز پہلی مرتبہ اعتراف کیا کہ اِن دنوں ویلیری ٹریئر ویلر کے ساتھ اُن کے تعلقات انتہائی مشکلات کا شکار ہیں اور وہ دونوں کرب ناک لمحات سے گزر رہے ہیں۔ اِس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ تمام لوگ اِس سے آگہی رکھتے ہیں کہ نجی زندگیوں میں مشکل وقت آتا ہے اور اُس کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اولاند کے مطابق نجی زندگی کے معاملات کو نجی انداز ہی میں حل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ فرانسیسی صدر نے اِن خیالات کا اظہار صدارتی محل میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

جب اُن سے پوچھا گیا کہ آیا ویلیری ٹریئر ویلر بدستور فرانس کی خاتون اوّل ہیں؟ اولاند نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ مقام اور موقع مناسب نہیں کہ اُن کے ویلر کے ساتھ تعلقات کو زیر بحث لایا جائے۔ فرانسیسی صدر نے گیارہ فروری سے شروع ہونے والے امریکی دورے سے قبل ساری صورت حال کو واضح کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ اِن دنوں فرانسوا اولاند کے فرانسیسی اداکارہ ژولی گائیے کے ساتھ مبینہ تعلقات کا تذکرہ اخبارات کی زینت بن رہا ہے۔

ادھر امریکی صدر کی رہائش گاہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گیارہ فروری سے شروع ہونے والے فرانسیسی صدر کے دورے میں مہمانوں کی فہرست میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنی کے مطابق باراک اوباما صدر اولاند کے دورے کے منتظر ہیں۔ جے کارنی نے اپنی پریس بریفنگ میں ویلیری ٹریئر ویلر کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔ یہ اولاند کا امریکا کا پہلا سرکاری دورہ ہو گا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ صدر فرانسوا اولاند کے ہمراہ ویلیری ٹریئر ویلر ہی بطور خاتون اوّل جائیں گی۔

اولاند اور ژُولی گائیے کے مبینہ تعلقات کی باتصویر خبر گزشتہ جمعہ کو ’کلوژر‘ نامی میگزین نے شائع کی تھی۔ اُس کے بعد اب ویلیری ٹریئر ویلر کے ہسپتال داخل ہونے سے فرانسیسی صدر کی مقبولیت کا گراف انتہائی نیچے گر گیا ہے۔ تازہ رائے عامہ کے جائزے میں عوام نے اولاند کو ایک ناقابلِ اعتماد شخص قرار دیا۔ فرانسوا اولاند اور ویلیری ٹریئر ویلر آپس میں تعلق رکھتے ہیں لیکن وہ شادی شدہ نہیں ہیں۔ اولاند نے اِس سے قبل فرانسیسی خاتون سیاستدان سیگولین رویال کے ساتھ بھی برسوں بغیر شادی کے تعلق رکھا تھا۔ اولاند اور رویال کے چار بچے بھی ہیں۔ رویال کے ساتھ تعلق ختم ہونے پر انہوں نے ٹریئر ویلر کے ساتھ روابط استوار کیا۔

فرانسیسی صدر اولاندا کا کہنا ہے کہ معاشقہ اسکینڈل ان کا ذاتی معاملہ ہے اور وہ جلد اس مسئلے کو حل کرلیں گے۔ پیرس میں پریس کانفرنس کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ دورہ امریکا پر ان کے ساتھ خاتون اول جائیں گی یا ان کی نئی دوست، تو فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ یہ نجی معاملہ ہے اور وہ اسے نجی طور پر ہی حل کرلیں گے۔۔ کسی کو اس میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دورہ امریکا پر جانے سے پہلے وہ یہ مسئلہ نمٹا لیں گے۔

امریکا کی جانب سے صدر اولاند اور فرسٹ لیڈی ویلیری ٹرائیرویلر کو اگلے ماہ وائٹ ہاوٴس میں مدعو کیا گیا ہے۔ فرانسیسی صدر اولاند کے فلمی اداکارہ ڑولی گائیے سے معاشقے کا اسکینڈل کچھ دن پہلے سامنے آیا ہے۔ فرانس کی خاتون اول اس خبر کے صدمے سے اسپتال میں داخل ہوچکی ہیں۔ دوسری جانب حزب اختلاف نے بھی اس معاملے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لے رکھا ہے اوراسمبلی اجلاس میں صدر اولاند سے وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔