.

بھارتی وزیرششی تھرور کی اہلیہ ہوٹل کمرے میں مردہ پائی گئیں

دل پھینک خاوند کے نئے معاشقے کے انکشاف کے دوروز بعد پراسرار موت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بھارت کے معروف مرکزی وزیر ششی تھرور کی اہلیہ دارالحکومت نئی دہلی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل کے کمرے میں پُراسرار طور پرمردہ پائی گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کی اطلاع کے مطابق وزیرششی تھرور نے بہ ذات خود پولیس کو جمعہ کی شب اپنی اہلیہ کی موت کی اطلاع دی ہے۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ 52 سالہ سنندہ پشکر کی موت کیسے واقع ہوئی ہے۔پولیس کو شبہ ہے کہ شاید انھوں نے خود کشی کی ہے۔

سنندہ پشکر کی نعش دہلی کے جنوب میں واقع فائیو اسٹار ہوٹل لیلا پیلس کے ایک کمرے میں پراسرار حالت میں ملی ہے ۔بتایا گیا ہے کہ مرکزی وزیر کے پرائیویٹ سکریٹری ابھینو کمار نے پولیس کنٹرول روم کو رات 9 بجے کے قریب فون کیا تھا جس کے بعد پولیس کی ٹیم ہوٹل پہنچ گئی۔پولیس ذرائع نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ معاملہ خود کشی کا ہوسکتا ہے۔

دہلی پولیس کے ترجمان راجن بھگت نے کہا کہ تفصیلی تحقیقات کی جا رہی ہیں کیونکہ شادی کے سات سال کے اندر ہونے والی موت کی سب ڈویژنل مجسٹریٹ کے ذریعہ تحقیقات ضروری ہوتی ہیں۔انھوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ششی تھرور کے گھر میں پینٹنگ کا کچھ کام ہو رہا تھا اس لیے یہ جوڑا کل سے ہوٹل میں مقیم تھا ۔

وزیر موصوف جمعہ کو دن بھر کل ہند کانگریس کمیٹی کے اجلاس کی وجہ سے باہر رہے تھے ۔ جب وہ رات 8.30 بجے کے قریب واپس آئے تو انھوں نے ہوٹل کا کمرہ اندر سے بند پایا۔ایسا لگتا تھا کہ ان کی اہلیہ سو رہی ہیں لیکن بعد میں کمرہ کھولنے پر وہ مردہ پائی گئیں۔انھوں نے کہا کہ اس معاملہ میں کسی شک و شبہ کی گنجائش نہیں دیکھی جا رہی ہے لیکن یہ ابھی نہیں کہا جاسکتا کہ آیا یہ فطری موت تھی یا خودکشی تھی۔ انھوں نے کہا کہ موت کی وجہ اور وقت کے تعلق سے ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا ۔معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے ہوٹل کے سی سی ٹی وی کیمرے کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے۔

سنندہ پشکر نے دوروز قبل ہی بدھ کو اپنے خاوند ششی تھرور کا ایک پاکستانی صحافیہ مہر تارڑ سے معاشقہ بے نقاب کیا تھا اور انھیں اپنے میاں کے پاکستانی صحافیہ سے تعلقات کا ٹویٹر پر پیغامات کے ذریعے پتا چلا تھا۔سنندہ نے 2010ء میں ششی تھرور سے محبت کی شادی کی تھی۔

ششی تھرور نے اپنی برہم بیوی کے سخت ٹویٹر پیغامات کے ایک روز بعد جمعرات کو میڈیا کے لیے ایک مشترکہ بیان جاری کیا تھا جس میں کہا تھا کہ ان کے ٹویٹر اکاؤنٹس کو ہیک کر لیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ انھوں نے خوشی خوشی شادی کی تھی اور وہ اسی طرح خوش وخرم زندگی گزاریں گے۔

اس بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ''سنندہ بیمار ہیں اور اسی ہفتے اسپتال میں داخل ہوئی ہیں،انھیں آرام کی ضرورت ہے''۔بیان میں میڈیا سے کہا گیا تھا کہ وہ جوڑے کی نجی زندگی کا احترام کرے۔

بھارت کے انسانی وسائل کے وزیر ششی تھرور تین شادیاں کرچکے ہیں۔پاکستانی صحافیہ سے ان کے معاشقے کا بھانڈا بدھ کو آنجہانی سنندہ نے سلسلہ وار ٹویٹر پیغامات کے ذریعے پھوڑا تھا اور ان پیغامات کو بھارتی وزیر کے قریباً بیس لاکھ چاہنے والوں نے دیکھا تھا۔

ان پیغامات میں مہر تارڑ نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ ستاون سالہ بھارتی وزیر کے عشق میں گرفتار ہیں۔ان وزیرصاحب نے یہ تفصیل منظرعام پر آنے کے بعد کہا تھا کہ ان کے ٹویٹر اکاؤنٹس کو ہیک کر لیا گیا ہے لیکن ان کی اہلیہ سنندہ نے دو بھارتی اخبارات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان پیغامات کی مصنفہ وہ خود تھیں۔پاکستانی صحافیہ نے بھارتی وزیر سے معاشقے کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ ان کی اہلیہ نے انھیں پاک فوج کے سراغرساں ادارے آئی ایس آئی کا ایجنٹ قراردے کر ان کی زندگی خطرے میں ڈال دی ہے۔