.

فرانسو اولاند نے خاتون اول سے علاحدگی کا اعلان کر دیا

فرانسیسی صدر کے 'معاشقے' کا منطقی انجام ہو گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے خاتونِ اوّل ویلیری ٹریئر وائلر سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سے قبل ایک اداکارہ کے ساتھ ان کے افیئر کے خبریں عام تھیں جس کے بعد ٹریئر وائلر بیمار پڑ گئی تھیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے مسٹر اولاند نے کہا کہ ’’میں یہ بات بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے ویلیری ٹریئر وائلر کے ساتھ اپنی پارٹنر شپ ختم کر دی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ یہ ان کا نجی معاملہ ہے اور اس حوالے سے یہ اعلان وہ ریاستی سربراہ کے طور پر نہیں بلکہ ذاتی حیثیت سے کر رہے ہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس اعلان کے ساتھ اولاند نے وہ ہنگامہ ختم کرنے کی کوشش کی ہے جو گزشتہ دِنوں اداکارہ ژولی گائیے کے ساتھ ان کے افیئر کی خبریں سامنے آنے پر برپا ہوا تھا۔

دراصل سیلیبرٹی میگزین کلوژر نے ایک رپورٹ شائع کر دی تھی کہ فرانسوا اولاند کا فلم اداکارہ اور سوشلسٹ پارٹی کی سپورٹر ژولی گائیے کے ساتھ معاشقہ چل رہا ہے۔ دونوں کی تصاویر بھی شائع کی گئی تھیں۔

اس کے بعد ویلیری ٹریئر وائلر بیمار پڑ گئی تھیں۔ طبیعت بگڑنے پر انہیں ہسپتال پہنچایا گیا تھا جس کے بعد انہیں ذہنی دباؤ کی شکار قرار دیا گیا تھا۔

وہ تقریباﹰ دس روز تک ہسپتال میں رہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ گائیے اور اولاند کی تصاویر دیکھنے کے بعد ہی بیمار پڑیں۔ فرانسیسی صدر نے تصاویر شائع کرنے والے میگزین کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

فرانسیسی صدر کی نجی زندگی کا یہ پہلو سامنے آنے سے پہلے رواں ماہ ہی انہوں نے کاروباری مواقع کے فروغ کے لیے مزید دوستانہ پالیسیوں کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد یورو زون کی اس دوسری بڑی معیشت کی بحالی تھا۔ بے روزگاری کی بلند شرح کے تناظر میں صدر کے ان اقدامات پر خاصی توجہ دی جا رہی تھی تاہم معیشت کی بہتری کے لیے ان کی کوششیں گائیے کے ساتھ ان کے افیئر کی خبروں تلے دبتی دکھائی دیں۔

یہ افیئر سامنے آنے کے بعد انہوں نے اپنے اقتصادی منصوبے پیش کرنے کے لیے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کیا جس پر ان کے نجی زندگی سے متعلق سوالات حاوی رہے۔ جمعہ کو پاپائے روم سے ملاقات کے لیے ان کے دورہ ویٹی کن پر بھی یہی موضوع چھایا رہا۔

اڑتالیس سالہ ٹریئر وائلر ہفت روزہ پیرس میچ کی کالم نگار ہیں۔ انہوں نے اولاند سے شادی نہیں کی تھی تاہم دونوں 2006ء سے ساتھ تھے۔ مئی 2012ء میں اولاند صدر بنے تو ٹریئر وائلر نے سرکاری تقریبات کے موقع پر خاتون اوّل کا کردار ادا کیا۔ کسی بھی خاتون اوّل کی طرح ایک دفتر بھی ان کے زیرِ انتظام رہا جس کا ماہانہ بجٹ تقریباﹰ 20 ہزار یورو ہوتا ہے۔