.

سعودی شوہر نے خلع مانگنے پر بیوی کو گولی مار دی

ملزم کی خودکشی کی کوشش، دونوں اسپتال داخل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں بیوی کی جانب سے خلع مانگنے پر شوہر نے اس پر سرعام گولیاں چلا دیں، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی ہے۔ ملزم نے فائرنگ کے بعد خودکشی کی کوشش کی تاہم اسے بھی تشویشناک حالت میں اسپتال میں انتہائی نہگداشت وارڈ میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

مکہ مکرمہ کے پولیس ترجمان کیپٹن زکی الرحیلی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کی گذشتہ روز ایک شخص نے پاگل پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی بیوی کو خلع مانگنے پر گولیاں ماریں۔ پانچ گولیاں بیوی کے جسم میں پیوست ہوگئی ہیں، تاہم اس کی حالت اب قدرے بہتر ہے۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے زخمی خاتون کو اس کے شوہر کی جانب سے آنے والی ٹیلیفون کالز اور ایس ایم ایس کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے جن کی روشنی میں وہ تحقیقات کا عمل آگے بڑھا رہے ہیں۔

کیپٹن الرحیلی کا کہنا تھا کہ زخمی خاتون کے موبائل میں موجود شوہر کی طرف سے آئے ایس ایم ایس میں اسے خلع کا مطالبہ واپس نہ لینے پر قتل کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ وہ یہ جانچنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ بیوی کے خلع کا مطالبہ کرنے پر بیوی کو گولیاں مارنے والا کسی نفسیاتی یا دماغی عارضے میں مبتلا تو نہیں تھا۔ تاہم فی الوقت وہ اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہے جسے پوچھ تاچھ نہیں کی جا سکتی ہے۔

ادھر مکہ معظمہ میں محکمہ صحت کے ترجمان بسام مغربی کا کہنا کے کہ خاتون کو کئی گولیاں لگی ہیں تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے، البتہ اس کا شوہر اب بھی انتہائی نہگداشت وارڈ میں ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ نے اپنے طورپر بیوی کو گولیاں مارنے کے بعد خود کشی کی ناکام کوشش کرنے والے شخص کے بارے میں معلومات اکٹھی کی ہیں۔ ان معلومات سےپتہ چلا ہے کہ وہ ملٹری سروس میں ایک اہم عہدے پر رہا ہے لیکن اس نے بوجوہ قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ کچھ عرصے سے اس کے اپنی بیوی کےساتھ بھی تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔ عزیز واقارب کی جانب سے صلح کی تمام کوششیں بھی رائیگاں گئیں۔ آخر کار بیوی نے اس سے طلاق کا مطالبہ کیا۔

شوہر کی جانب سے طلاق نہ ملنے پرخاتون نے معاملہ عدالت میں اٹھایا۔ کیس کی پہلی سماعت میں شوہر پیش نہیں ہوا۔ کیس کی دوسری سماعت میں پیشی سے کچھ دیر قبل اس نے بیوی پر فائرنگ کرکے خود کو بھی گولی مار دی، جس کے بعد دونوں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا۔