رن وے پر موجود کتے نے یمنی جہاز کی لینڈنگ رکوا دی

مسافر جہاز کو مجبورا دوسرے ہوائی اڈے پر اتارنا پڑا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

موسم کی خرابی کے باعث مسافر طیاروں کے اپنے مخصوص ہوائی اڈے پر اترنے میں ناکامی اور مجبورا سمت تبدیل کرنے کی خبریں تو عام رہتی ہیں لیکن یمن میں ایک کتے نے مسافر طیارے کو نہ صرف لینڈنگ سے روک دیا بلکہ جہاز کی سمت تبدیل کرکے اسے ایک دوسرے ہوائی اڈے پرلینڈ کرنے پر مجبور کر دیا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ حال ہی میں پیش آیا ہے۔ یمنی حکام کا کہنا ہے کہ ایک مسافر طیارہ جس میں عملے سمیت 130 افراد سوار تھے سعودی شہر جدہ سے یمن کے وسطی ہوائی اڈے "تغز" کے لیے روانہ ہوا۔ جہاز جب تغز ایئر پورٹ کی فضائی حدود میں پہنچا تو رن وے پر موجود ایک چھوٹے کُتے کی موجودگی کے باعث پائلٹ کو کافی دیر فضاء چکر لگانے پڑے۔ اس دوران ہوائی اڈے کے عملے کی جانب سے کتے کو رن وے سے دور ہٹانے کی مقدور بھر کوشش کی گئی مگر وہ اسے ہٹانے میں ناکام رہے، جس کے بعد ہوائی جہاز کوعدن شہر کے ہوائی اڈے پر اتارا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے پر سوار تمام مسافروں کا تعلق "تغز" شہر سے تھا۔ جہاز عدن کے ہوائی اڈے پر اتارنے کے بعد تمام مسافروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی نشستوں پر بیٹھے رہیں کیونکہ طیارے کو دوبارہ "تغز ایئرپورٹ" لے جایا جائے گا۔

دو ماہ قبل یمن کے مغرب میں "الحدیدہ" ہوائی اڈے سے پرواز کرنے والا ایک جہاز اپنے وقت مقررہ پر اڑان بھرنے میں ناکام رہا تھا۔ اس طیارے میں کئی اہم شخصیات نے سفر کرنا تھا تاہم بتایا جاتا ہے کہ اونٹوں کا ایک ریوڑ اچانک ہوائی اڈے میں داخل ہو گیا تھا جس کے باعث مسافروں کو طیارے میں سوار ہونے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور طیارہ وقت سے لیٹ ہوگیا تھا۔ اس دوران فضاء میں موجود کئی مسافر طیاروں کی لینڈنگ بھی تاخیر کا شکار ہوئی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں