.

آسٹریا کا مارچ سے ایران کے لئے فضائی سروس بحال کرنے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

وسطی یورپ کے ایک اہم ملک جمہوریہ آسٹریا نے آئندہ ماہ سے ایران کے ساتھ اپنی فضائی سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں موجودہ استحکام کے بعد کئی یورپی ملکوں نے فضائی سروس بحال کرنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔ ان میں جمہوریہ آسٹریا بھی شامل ہے جس نے گیارہ مارچ سے اپنی فضائی سروس دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایرانی اخبار"ارمان" نے وزیر برائے شہری ہوا بازی محمد کود کرامی کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ آسٹریا کی سرکاری ایئرلائن جلد ہی ایران کے لیے ہفتے میں پانچ پروازیں شروع کرے گی۔

اُدھر ایرانی فضائی کمپنی نے بھی آسٹریا کے ساتھ پروازوں کا سلسلہ بحال کرنے کی تیاری شروع کی ہے۔ تہران ائیرلائن کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان فضائی سروس جنوری 2013ء کو بعض تجارتی تنازعات کی بناء پر تعطل کا شکار ہو گئی تھی۔ فضائی سروس کی معطلی ایک بنیادی وجہ تہران کے خلاف عالمی اقتصادی پابندیاں بھی قرار دی جاتی ہے۔