.

تہران کے لئے سعودی سفیر نے تقرری کی اسناد پیش کر دیں

اسناد سفارت ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے وصول کیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران میں سعودی عرب کے نئے سفیرعبدالرحمان بن غرمان الشہری نے اسناد سفارت ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کو پیش کر دیں۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی "ایرنا" کے مطابق سعودی سفیر سے ملاقات کے دوران وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت تمام پڑوسی اور مسلمان ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے بالخصوص سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے کی خواہاں ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب صرف دو پڑوسی ملک ہی نہیں بلکہ برادر مسلمان ملک ہونے کے ناطے خطے میں مشترکہ مفادات بھی رکھتے ہیں۔ عالمی اور علاقائی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے دو طرفہ تعاون میں اضافے کے ساتھ مشترکہ مفادات کے لیے بھی ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔

اس موقع پر سعودی سفیر عبدالرحمان الشھری نے ایرانی حکومت کی جانب سے دو طرفہ تعاون بڑھانے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان کا ملک بھی تمام ہمسایہ اور برادر مسلمان ملکوں کے ساتھ باہمی تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔