.

شہزادہ سلمان کی جاپان میں سعودی طالب علم سے خوش گپیاں

ٹوکیو اوقاف اسلامی کے لیے ولی عہد کا ایک ملین ڈالر امداد کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے حالیہ دورہ جاپان کے دوران جاپانی حکام سے بات چیت کے ساتھ وہاں پر موجود سعودی کمیونٹی کے وفود سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ ولی عہد نے جاپان میں تعلیم کے حصول کے لیے آئے سعودی طلباء و طالبات اور دیگر شہریوں سے ہلکے پھلکے اور مزاحیہ انداز گفتگو کی جس کے نتیجے میں شہری ان کے اور گرویدہ ہو گئے۔

العربیہ ٹی وی ایک رپورٹ کے مطابق ولی عہد نے ٹوکیو میں "واسیڈ" یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء سے ملاقات کی۔ اس دوران جب ان کی ملاقات العطاوی قبیلے کے ایک طالب علم سے ہوئی تو ولی عہد نے مزاحیہ پیرائے میں گفتگو کرتے ہوئے اس کے قبیلے کے مشہور شاعر شلیویح العطاوی کے بارے میں بھی بات کی۔ نوجوان طالب علم مقرن العطاوی یہ سُن کر حیران رہ گیا کہ ولی عہد نہ صرف اس کے قبیلے کے شاعر شلیویح العطاوی کو خود جانتے ہیں بلکہ اُنہیں ان کے کئی اشعار بھی یاد ہیں۔ اس موقع پر ولی عہد نے مقرن العطاوی کو شلویح العطاوی کے کئی شعر بھی سنائے۔

جاپان کے طویل دورے کے دوران سعودی ولی عہد نے تفصیل کے ساتھ سعودی شہریوں کے بارے میں جان کاری حاصل کی۔ شہزادہ سلیمان نے نہایت دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقامی عہدیداروں سے دریافت کیا کہ ٹوکیو کےعلاوہ دیگر کِن شہروں میں سعودی باشندوں کی بڑی تعداد موجود ہے؟ تعلیم کے حصول کے علاوہ یہاں پر سعودی شہری کن کن پیشوں سے وابستہ ہیں؟ نیز ان کے بارے میں جاپانی حکومت اور عوام کے کیا تاثرات ہیں؟۔

ولی عہد کی پردیس میں اپنے ہم وطنوں کے مسائل میں دلچسپی کے باعث سوشل میڈیا پر ان کی غیرمعمولی تعریف وتوصیف کی گئی۔

گذشتہ روز ولی عہد نےاپنے جاپانی ہم منصب [ولی عہد] شہزادہ نارو ہیٹو سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے اپنے دورے پر بات کرتے ہوئے جاپانی ولی عہد کو بتایا کہ ان کا یہ دورہ متاثر کن رہا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب میں تعمیر و ترقی کے شعبوں میں جاپان کی خدمات کو سراہا اور دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

قبل ازیں ولی عہد شہزادہ سلیمان نے جاپان میں اسلامی مرکز کے سربراہ ڈاکٹر موسیٰ محمد اور جاپانی مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم کے سیکرٹری جنرل امین ٹوکوماس اور دیگر عہدیداروں سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے جاپان میں مسلمانوں کی فلاح وبہبود کے منصوبوں اوقاف اسلامیہ کے لیے ایک ملین ڈالر کی رقم کا بھی اعلان کیا۔ انہو نے جاپان مرکز اسلامی کو خانہ کعبہ کے غلاف [کسوہ] کا ایک ٹکڑا بھی دیا۔