.

دہشت گردی کی کارروائی میں تین سعودی پولیس اہلکار زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں دہشت گردی کی ایک کارروائی میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے بتایا کہ اتوار کی شام ریاض میں ایک پولیس سینٹر کے باہر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں وہاں پر موجود تین اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ایک زخمی سیکیورٹی اہلکار کی حالت نازک ہے تاہم دو کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔

دہشت گردوں کی مُجرمانہ کارروائی کے بعد قانون نافذ کرنے والوں اداروں نے ملزموں کی تلاش کے لیے مہم شروع کر دی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا جلد سراغ لگا کرانہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

میجر جنرل منصور الترکی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے شہریوں اور سیکیورٹی اداروں کو خوف زدہ نہیں کرسکتے ہیں۔ پولیس اور تمام سیکیورٹی ادارے ملک میں امن وامان کے قیام کے لیے ہرقربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔