.

ترک وزیر اعظم کی دوسری آڈیو ٹیپ منظر عام پر آگئی

ایردوآن بیٹے کو کاروباری ڈیل موخر رکھنے کا مشورہ دے رہے ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ترک وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن کی گفتگو پر مبنی ایک اور آڈیو ٹیپ سامنے آگئی ہے۔ اس ٹیپ میں وزیر اعظم اپنے بیٹے سے کہہ رہے ہیں کہ وہ ''کاروباری ڈیل میں رقم قبول نہ کرے بلکہ مزید رقم کے لیے اس فیصلے کو اٹھائے رکھے۔ '' یہ آڈیو ٹیپ سوشل میڈیا کے ذریعے نامعلوم افراد سامنے لائے ہیں۔

اسی طرح کی ایک ٹیپ ترک وزیر اعظم کے بارے میں پیر کے روز سامنے آئی تھی۔ جس میں وہ اپنے بیٹے بلال سے اپنے گھر میں موجود خطیر رقم ٹھکانے لگانے کیلیے کہہ رہے ہیں، تاکہ کرپشن کی تحقیقات کے جاری عمل سے بچ سکیں۔

نئی ٹیپ میں وزیر اعظم کو کہتے سنا گیا ہے کہ '' تم فکر نہ کرو ، یہ ہماری گود میں ہی آئیں گے۔ '' تاہم سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے کے بارے میں یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ آڈیو ٹیپ مصدقہ ہے یا نہیں ہے۔

اس بارے میں ترک حکام کا کہنا ہے کہ ''ہم ان ٹیپس کا جائزہ لے رہے ہیں کہ یہ اصلی ہیں یا جعلی ہیں تاہم فوری طور پر اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا جا رہا ہے۔''

واضح رہے اس سے پہلے وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے پیر کے روز سامنے آنے والی ٹیپ کے بارے میں کہا گیا تھا کہ '' یہ جعلی ٹیپ ہے اور وزیر اعظم کو نشانہ بنانے کیلیے جن لوگوں نے یہ جال بنا ہے انہیں قانون کے سامنے جواب دہ ہونا ہو گا۔''

نئی سامنے آنے والی ٹیپ کے ساتھ سوشل میڈیا پر لکھی گئی تحریر میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم ایردوآن نے جس شخص کا حوالہ دیا ہے وہ استنبول میں قائم کمپنی تورانگ ٹرانزٹ تاسیماکلک کے چئیرمین سٹکی ایان ہیں۔