.

سفاک برمی تارک وطن نے بیوی اور چار بچیاں قتل کر دیں

قتل کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کر دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں مقیم برما کے ایک سفاک شخص نے اپنی بیوی اور چار ننھی بچیوں کو قتل کرنے کے بعد خود کو حکام کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے اس اندوہناک واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یہ واقعہ جدہ کی "کیلو 14" کالونی میں پیش آیا جب ایک غیر ملکی نے اپنی بیوی اور چار بچیوں کو قتل کرنے کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

مکہ معظمہ کے پولیس ترجمان کیپٹن ڈاکٹر عاطی القرشی نے بتایا کہ میانمار [برما] سے تعلق رکھنے والے ایک چالیس سالہ شخص نے اپنی بیوی اور چار بچیوں کو قتل کیا۔ بعد ازاں اس نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ مکہ پولیس چیف میجر جنرل عبدالعزیز الصولی کی نگرانی میں تفتیش شروع کر دی گئی ہیں۔

القرشی نے بتایا کہ بدھ کوعلی الصباح جدہ پولیس کو اطلاع ملی تھی ایک غیر ملکی نے اپنے خاندان کو قتل کردیا ہے۔ ملزم نے اپنی بیوی بچیوں کو خود ہی قتل کرنے کے جرم کا اعتراف کیا ہے۔ اطلاع پر پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ ایک گھر میں ایک خاتون اور چار بچیوں کو مردہ حالت میں پایا گیا۔ انہیں تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔ مقتولہ بیوی کی عمر چالیس اور بچیوں کی ایک سے پانچ سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔