.

"امام مہدی کا ظہور قریب آچکا، قوم استقبال کی تیاری کرے"

نئی حکومتی تقرریوں و تبادلوں پر عالم دین کا تشویش کا اظہار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ایک مقرب شیعہ عالم دین احمد جنتی نے کہا ہے کہ امام مہدی موعود کے ظہور کا زمانہ قریب آ چکا ہے۔ ہمیں ان کے استقبال کی تیاری کے ساتھ ساتھ ان کے احکامات کی اطاعت پرعمل درآمد کے لیے خود کو تیار رکھنا چاہیے۔

خبر رساں ایجنسی "ایسنا" کے مطابق علامہ جنتی نے ایک حکومتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام مہدی علیہ السلام اپنے حامیوں اور وفاداروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ہمیں ان کا بے تابی سے انتظار ہے وہ جلد ہمارے درمیان جلوہ افروز ہونے والے ہیں۔ وفادار دوستوں سے ان کا اشارہ اپنی جانب تھا۔

علامہ احمد جنتی ایران کی گارڈین کونسل کے رُکن ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اپنے ایسے ہی ایک بیان میں کہا تھا کہ زیادہ سے زیادہ احتجاجی مظاہروں کے نتیجے امام مہدی ظاہر ہوسکتے ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر کے ایک دوسرے مقرب خاص محمد سعیدی نے بھی ملکی، علاقائی اور عالمی سطح پر امام مہدی کے استقبال کی تیاری پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس دور میں ہم رہ رہے ہیں۔ یہی امام مہدی کے ظہور کا زمانہ ہے.

علامہ احمد جنتی نے اپنے ایک دوسرے بیان میں صدر حسن روحانی کی پالیسیوں بالخصوص اہم حکومتی عہدیداروں کی تبادلوں اور نئی تقرریوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے کہ اہم عہدوں پر نئے لوگوں کو تعینات کرنے کی ضرورت کیوں محسوس کی گئی۔ کیا نئے عہدیدار پہلے عہدیداروں سے زیادہ معیاری اور قابل ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں ایران کی جوہری توانائی ایجنسی میں صدر کے حکم پر غیر معمولی تبادلے اور نئی تقرریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ صدر روحانی کے حکم میں یہ تبدیلی قدامت پسند حلقوں کو ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں ہو رہی ہیں۔