کیتھرین آشٹن کو ایرانی کردستان کے روایتی گاؤن کا تحفہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین آشٹن کو روایتی کُرد ملبوسات کا ایک سوٹ تحفے میں پیش کیا ہے۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کپڑوں کا روایتی سوٹ کردستان کی فیشن ماڈل کی جانب سے دیا گیا جسے وزیر خارجہ جواد ظریف نے آشٹن تک پہنچایا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق کرد فیشن ماڈل سوسن السادات جاسبی کا کہنا ہے کہ اس نے ضلع کردستان کی ایک ذمہ دار کی حیثیت سے وزیر خارجہ جواد ظریف سے رابطہ کر کے اُن سے درخواست کی کہ وہ روایتی کرد کپڑوں کا ایک سوٹ کیتھرین آشٹن کو تحفے میں دینا چاہتی ہیں۔ جواد ظریف نے سوسن سادات کی پیشکش کے مطابق کپڑوں کا ایک روایتی سوٹ یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ تک پہنچایا ہے۔

خیال رہے کہ کیتھرین آشٹن ان دنوں گروپ چھے اور ایران کے درمیان متنازعہ جوہری پروگرام پر مذاکرات کی نگرانی کر رہی ہیں۔

سوسن السادات کا کہنا ہے کہ کرد روایتی لباس مکمل ستر پوش اور جسم کا بیشتر حصہ ڈھانپنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کیتھرین آشٹن تک یہ پیغام پہنچایا تھا کہ اگر وہ سوٹ کو زیب تن کرنے کی یقین دہانی کرائیں تو انہیں ایک روایتی سوٹ تحفے میں پیش کیا جائے۔ آشٹن نے تحفے میں ملنے والے کپڑے پہننے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد انہیں ایک سوٹ دیا گیا۔

واضح رہے کہ ایران میں پروٹوکول کے مطابق تمام خواتین سفارت کاروں کو ایرانی حکام سے ملاقاتوں کے دوران حجاب کی پابندی کرنا ہوتی ہے۔ اپنے حالیہ دورہ ایران کے دوران کیتھرین آشٹن نے بھی تہران میں حکام سے ملاقاتوں کے دوران سر پوش اوڑھ رکھا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں