وفادار کتا آٹھ دن تک اسپتال کے دروازے پر مالک کا منتظر رہا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

پالتو جانوروں کی اپنے مالکان کے ساتھ والہانہ محبت بے مثل ہے اور آئے روز اس کی مثالیں سامنے آتی رہتی ہیں۔ کتے کی اپنے مالک سے اٹوٹ محبت اور وفاداری کا ایک تازہ واقعہ حال ہی میں برازیل میں پیش آیا ہے، جس کی خبر جنگل کی آگ کی طرح براعظموں کو عبور کرتی تیزی کے ساتھ دنیا میں پھیل رہی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ نے برازیلی میڈیا کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کی سیکو"SECO" نامی ایک کتا آٹھ دن تک اسپتال کے دروازے پر بیٹھا اپنے مالک کی بہ خیریت واپسی کا بے تابی سے انتظار کرتا رہا۔ آٹھ روز بعد جب اس نے اپنے مالک کو وہیل چیئر پر دیکھا تو وہ اس سے اس طرح لپٹ کر لاڈ پیار کرنے لگا جیسے اسے کل کائنات مل گئی ہو۔

رپورٹ کے مطابق اکتیس مارچ کو جنوبی برازیل کی ریاست ریو گرانڈے ڈوسول کے شہر پاسو فونڈو میں 55 سالہ لاوری ڈاکوسٹا راہ چلتے ہوئے سر میں ایک پتھر لگنے سے زخمی ہو گیا جسے راہ گیروں نے قریبی اسپتال پہنچایا تو اس کا کتا بھی اسپتال کی طرف اس کے ساتھ گیا۔

ڈاکوسٹا کے سر میں لگا زخم گہرا تھا جس کی سرجری کی گئی لیکن ڈاکٹروں کو پتہ چلا کہ اسے کینسر بھی ہے۔ ڈاکٹروں نے کینسر کا ناسور ختم کرنے کے لیے مزید چند دن اسے ڈسچارج نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس طرح کتے کو اپنے مالک کی خیر خبر کا پتہ نہ چل سکا، لیکن وہ اسپتال کے دروازے سے باہر آنے والے ہر شخص کو توجہ سے دیکھتا کہ مبادیٰ کہ اس کا مالک ہو۔ آٹھ دن بعد اسپتال کے عملے نے ڈاکوسٹا کو بتایا کہ اس کا ایک کتاب اسپتال کے مرکزی دروازے پر بیٹھا ہے۔

ڈاکوسٹا وہیل چیئر پر"سیکو" کے پاس پہنچا۔ مالک کو دیکھتے ہی کتے نے اچھل کود شروع کر دی اور چھلانگ لگا کر اس کی گود میں جا بیٹھا۔ مالک کو بھی اپنے اس "عاشق" کتے کی حالت پر بہت دکھ ہوا۔ اس نے کتے کی کمر پر ہاتھ پھیرا اور اسے تسلی دی۔ اس وقت ڈاکوسٹا کے منہ سے صرف یہ لفظ نکلا "اے میرے اللہ!"۔ برازیلی میڈیا پر تیزی سے مقبول ہونے والی اس واقعے کی ایک مختصر ویڈیو فوٹیج اب تیزی کے ساتھ عالمی میڈیا میں بھی مقبول ہو رہی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں