.

الجزائری صدر کا تمسخر اڑانے کے لیے ویب سائٹ ہیک

ہیکروں نے سلطان قابوس کے تہنیتی پیغام میں بوتفلیقہ کو معذور اور آمر قراردے دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ہیکروں نے الجزائر کے چوتھی مرتبہ صدر منتخب ہونے والے عبدالعزیز بوتفلیقہ کا تمسخر اڑانے کے لیے اومان کے سرکاری خبر رساں ادارے کی ویب سائیٹ کو ہیک کر لیا ہے۔ہیکروں نے خبررساں ادارے کی ویب سائٹ ہیک کرنے کے بعد اس پر الجزائرکے صدر کے بارے میں اپنی پسند کی خبر اپ لوڈ کر دی۔

اومان کے سرکاری خبر رساں ادارے کی ویب سائٹ پر جعلی خبر میں اومان کے سلطان قابوس کی طرف سے چوتھی مرتبہ صدر منتخب ہونے پر عبدالعزیز بوتفلیقہ کو طنزیہ مبارکباد دی گئی ہے اور انھیں معذور آمر قرار دیا گیا ہے۔

اومان نیوز ایجنسی نے ہیکروں کی طرف سے پوسٹ کی گئی اس جعلی خبر کے بارے میں موقف اختیار کیا ہے کہ '' ہیکروں نے ادارے سے غلط اور گمراہ کن خبر منسوب کی ہے۔'' جعلی خبر میں سلطان قابوس کی طرف سے طنزیہ انداز میں یہ دعا بھی کی گئی ہے کہ بوتفلیقہ دسویں مدت صدارت کے لیے بھی آگے آئیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ہیکروں کی جعل سازی سے تیار کردہ خبر ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی ہے۔ اومان نیوز ایجنسی نے ہیکروں کی اس کارروائی کے بعد اپنے صارفین سے معذرت کی ہے اور کہا ہے کہ ادارہ '' برادر اور دوست ریاستوں کے بارے میں سلطان قابوس کی باہمی احترام کی پالیسی کے مطابق خبریں جاری کرتا رہے گا''۔

خیال رہے کہ 77 سالہ عبدالعزیز بوتفلیقہ گذشتہ ہفتے منعقدہ صدارتی انتخاب میں 80 فیصد ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے اور وہ چوتھی مدت کے لیے بطور صدر حلف اٹھائیں گے۔