.

شامی اپوزیشن رہ نماؤں کی سعودی حکام سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شامی اپوزیشن کی نمائندہ نیشنل کونسل کے چیئرمین احمد الجربا نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں شام کی موجودہ صورت حال بالخصوص جنگ سے متاثرہ شہریوں کے مسائل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی "واس" کے مطابق شامی نیشنل کونسل کے سربراہ احمد الجربا کل منگل کو ایک وفد کے ہمراہ جدہ پہنچے تھے جہاں ولی عہد اور نائب وزیر اعظم شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔ شامی اپوزیشن رہ نماؤں اور سعودی ولی عہد کے درمیان ہوئی بات چیت میں شام میں جنگ سے متاثرہ شہریوں کی فوری امداد اور بشار الاسد کے مظالم سے قوم کو نجات دلانے کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر ولی عہد شہزادہ سلیمان بن عبدالعزیز نے یقین دلایا کہ ان کا ملک شامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا اور ان کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔

بعد ازاں احمد الجربا نے سعودی عرب کے نائب ولی عہد شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات کی اور انہیں نائب ولی عہد نامزد کیے جانے پر مبارک باد پیش کی۔ ولی عہد اور نائب ولی عہد سے الگ الگ ملاقاتوں کے بعد شامی وفد نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل سے بھی ان کے دفترمیں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں بھی شام میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے اور تنازع کے فوری حل کے ساتھ ساتھ جنگ سے متاثرہ شہریوں کی امداد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔