مظاہرین پابندی کی خلاف ورزی نہ کریں: ایردوآن کا انتباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں حکومت مخالف مظاہروں کو ایک سال پورا ہونے پر ممکنہ احتجاجی ریلیوں کے پیش نظر ہزاروں کی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی نے مظاہروں پر پابندی کی خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

استنبول میں سیکڑوں افراد نے ہفتے کے روز حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں کا ایک سال پورا ہونے پر ریلی نکالی ہے۔ وہ شہر کے مشہور تقسیم چوک کی جانب شاہراہوں پر جمع ہوئے اور انھوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس کے گولے پھینکے جس کے بعد وہ فوری طور پر ادھر ادھر بکھر بکھر گئے۔

استنبول میں حکومت مخالفین کی اس چھوٹی ریلی سے قبل ہفتے کے روز ہی حکمراں جماعت عدل اور ترقی پارٹی کے ہزاروں حامیوں نے ریلی نکالی۔ وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن نے اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حکومت مخالفین سے کہا کہ'' اگر آپ ادھر (تقسیم چوک کی جانب) جاتے ہیں تو ہماری سکیورٹی فورسز کو واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں،وہ ہر ضروری اقدام کے لیے آزاد ہوں گے''۔

انھوں نے کہا:'' آپ گذشتہ سال کی طرح تقسیم نہیں پہنچ سکیں گے،جیسا کہ آپ نے گذشتہ سال کیا تھا۔آپ قانون کے پابند ہیں۔ اگر نہیں رکتے تو ریاست سکیورٹی کے لیے جو کچھ ناگزیر ہوا ،کرے گی''۔ وہ مظاہرین کے تقسیم چوک کی جانب مظاہرے کا حوالہ دے رہے تھے۔

ایردوآن حکومت نے تقسیم اسکوائر میں مظاہروں کو روکنے کے لیے ہزاروں پولیس اہل کار تعینات کیے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائیٹرز کی اطلاع کے مطابق ترک پولیس نے تقسیم چوک کے نزدیک واقع جیزی پارک کو بھی بند کر دیا ہے اور اس جانب جانے والے استقلال بازار میں سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا ہے۔

وزیر اعظم ایردوآن نے جمعہ کو نوجوانوں پر زور دیا تھا کہ وہ احتجاجی مظاہروں میں حصہ نہ لیں۔گذشتہ سال استنبول کے جیزی پارک میں ایک تعمیراتی منصوبے کی تعمیر کے خلاف ماحول نواز ترکوں نے احتجاجی مظاہرے کیے تھے۔ ان کا یہ احتجاج حکومت کے خلاف ایک تحریک کی شکل اختیار کر گیا تھا۔ترک سکیورٹی فورسز نے ان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تھا جس پر وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن کو شدید تنقید کا نشانہ بننا پڑا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں