.

امریکی فوجی حوالگی کی ڈرامائی ویڈیو جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

طالبان نے گوانتا نامو بے میں قید اپنے پانچ ساتھیوں کے بدلے امریکی فوجی سارجنٹ بو برجڈل کی رہائی کی ڈرامائی ویڈیو بدھ کے روز جاری کر دی۔

سترہ منٹ دورانیے کی ویڈیو میں بندوق لہراتا ہوئے فوجی کی آواز سنائی دیتی ہے کہ "آئندہ افغانستان مت آنا۔ دوبارہ تمھیں کوئی نہیں چھوڑے گا"۔

ویڈیو میں ایک امریکی ہیلی کاپٹر وادی میں اترتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے، جس کے زمین کے قریب آتے ہی مٹی کے بادل ہوا میں اٹھتے دکھائی دیتے ہیں۔ شدید گبھراہٹ کا شکار بو برجڈل ہیلی پیڈ سے چند فٹ دور چند جنگجووں کی معیت میں کھڑا دکھائی دیتا ہے۔ جنگجووں نے ہاتھ میں سفید پرچم اٹھا رکھا ہے۔

طالبان باغیوں اور امریکی فوجی آپس میں ہاتھ ملاتے ہیں جس کے بعد امریکی فوجی سارجنٹ بو برجڈل تیزی سے ہیلی کاپٹر کی طرف بڑھتا ہے۔

امریکی فوجی سارجنٹ بو برجڈل طالبان کی قید میں واحد غیر ملکی قیدی تھا جسے اتوار کے روز طالبان کے گوانتا نامو بے میں قید پانچ ساتھیوں کی رہائی کے عوض چھوڑا گیا۔ رہائی کے اس معاہدے میں قطر نے ثالثی کی۔

امریکی فوجی سارجنٹ بو برجڈل کی رہائی پر شدید تنقید کی ہے۔ انہیں خدشہ ہے کہ رہا شدہ طالبان میدان جنگ میں دوبارہ لوٹ سکتے ہیں، جس سے امریکا کی بیرون ملک سلامتی کو خدشات لاحق ہو سکتے ہیں۔

امریکی فوجی سارجنٹ بو برجڈل کی رہائی سے متعلق طالبان کی جاری کردہ ویڈیو کا عنوان "امریکی فوجی کی حوالگی کی تقریب" رکھا گیا ہے اس میں ایک مرحلے پر بو برجڈل کی تصویر پر یہ الفاظ دکھائی دیتے ہیں کہ "آئندہ افغانستان مت آنا۔"

ویڈیو میں اللہ اکبر کے نعروں اور دینی میوزک کے جلو میں حوالگی کی تقریب کا احوال بتانے والے میل کمنٹیٹر کا کہنا ہے کہ تبادلے کی یہ تقریب مشرقی افغانستان کے صوبہ خوست میں ہوئی۔

وائس اوور کے مطابق امریکیوں نے ہم سے رابطہ کر کے پوچھا کہ کونسی جگہ رابطے کے لئے مناسب رہے گی۔ ہم نے اپنے قبائلی رہنماوں سے رابطہ کیا کہ وہ اس موقع پر موجود ہوں کیونکہ ہم امریکیوں پر اعتماد نہیں کرتے۔