.

سی آئی اے نے ٹویٹر کا استعمال شروع کر دیا

عوام کا پیحھا کرنے والے “CIA” کو اب فالو کرنا ممکن ہو گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی خفیہ ادارے “CIA” نے سماجی رابطے کی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنا اکاؤنٹ کھولا ہے اور پہلی ٹویٹ میں مزاحیہ انداز اپنایا ہے۔

CIA@ کے ٹویٹر ہینڈل سے ٹویٹ کیے جانے والے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’ہم نہ تو تصدیق اور نہ ہی تردید کر سکتے ہیں کہ یہ ہماری پہلی ٹویٹ ہے۔‘ اکاؤنٹ کے آغاز کے چند ہی گھنٹوں کے اندر اس کے فالوورز کی تعداد دو لاکھ دس ہزار سے تجاوز کر گئی۔

ابتدائی طور پر اس معاملے میں ٹویٹر پر صارفین کی جانب سے شکوک و شبہات بھی ظاہر کیے گئے کہ آیا کہ سی آئی اے کا ہی اکاؤنٹ ہے یا نہیں۔

تاہم یہ معاملہ اس وقت صاف ہوگیا جب خفیہ ادارے کی جانب سے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے نے ٹویٹر اور فیس بک دونوں ویب سائٹس پر جگہ بنا لی ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سی آئی اے کو اس کا ٹویٹر ہینڈل بھی ٹویٹر کو اس فرد کے خلاف درخواست دے کر حاصل کرنا پڑا جو پہلے اسے ایجنسی کے نام پر استعمال کر رہا تھا۔

سی آئی اے کی ٹویٹر پر آمد کی خبر سن کر ٹویٹر استعمال کرنے والے افراد کی جانب سے بھی دلچسپ بیانات سامنے آئے۔

امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے ٹویٹ کی کہ ’سی آئی اے نے برسوں لوگوں کو فالو کیا (پیچھا کیا)، اب ٹویٹر استعمال کرنے والوں کے پاس سی آئی اے کو فالو کرنے کا موقع ہے۔‘

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سی آئی اے کی ٹویٹر پر آمد کو کچھ لوگوں نے سوشل میڈیا کے لیے برے دن سے بھی تعبیر کیا۔

الیکٹرانک پرائیویسی کے لیے سرگرم کارکن پارکر ہگنز نے ٹویٹ کی کہ ’لوگ کہتے ہیں کہ فیس بک اس وقت سے بیکار ہوگئی جب آپ کی دادی اس پر آ جائے۔ میں نہیں جانتا کہ میں سی آئی اے کے ٹویٹر پر آنے کو کیا سمجھوں۔‘