.

مصری صدر السیسی کا خاندان منظر عام پر!

صدر کے تینوں بیٹے اور بیٹی صاحب اولاد ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عرب جمہوریہ مصر کے نو منتخب صدر فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی کا خاندان پہلی مرتبہ ان کی حلف برداری کی تقریب میں منظر عام پر آیا، تاہم ان کی اہلیہ اور موجودہ خاتون اول اس سے قبل بھی ایک فوجی تقریب میں نمودار ہو چکی ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سوموار کے روز قاہرہ میں سپریم دستوری عدالت کے مرکزی ہال میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں نو منتخب صدر عبدالفتاح السیسی کے خاندان کو دیکھا گیا۔ تقریب میں خاتون اول انتصار عامر بھی موجود تھیں۔ انتصار السیسی کی خالہ زاد بھی ہیں۔ انہیں ایک سال پیشتر فوجی افسران کی سبکدوشی کی ایک تقریب میں بھی دیکھا گیا تھا۔ اس کے بعد دوبارہ انہیں صدر کی تقریب حلف برداری میں دیکھا گیا۔


فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی کے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ بڑا بیٹا مصطفیٰ ملٹری کالج سے تعلیم یافتہ ہے۔ اس نے بھی اپنی خالہ زاد سے شادی کر رکھی ہے جس سے اس کی دو بیٹیاں ہیں۔ السیسی کے دوسرے صاحبزادے کا نام محمود ہے جو ملٹری انٹیلی جنس کے شعبے میں کیپٹن کے عہدے پر فائز ہے وہ بھی شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ ہے۔ حسن، السیسی کے تیسرا صاحبزادہ ہے۔ وہ بھی شادی شدہ ہے، اس کی اہلیہ دالیا مصری فوج کے موجودہ سربراہ محمود حجازی کی بیٹی ہیں. حسن بھی ایک بیٹی کے باپ ہیں اور ان دنوں پٹرولیم کی ایک بڑی فرم میں ملازم ہے۔

آیہ السیسی عبدالفتاح السیسی کی اکلوتی صاحبزادی ہے جو جنوبی سیناء کے گورنر میجر جنرل خالد فودہ کے صاحبزادے کے عقد میں ہیں۔