.

لبنانی عاشق کی ائرپورٹ پر محبوبہ کو شادی کی پیشکش

رشتہ مانگنے کے منفرد طریقے سے مسافر بھی محظوظ ہوئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دنیا بھر میں ہوائی اڈے اور ریلوے اسٹیشنز ایسے مقامات ہیں کہ جہاں ملنے اور بچھڑنے کے موقع پر جذباتی مناظر عمومی بات سمجھی جاتی ہے، تاہم لبنانی دارلحکومت بیروت کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ اس وقت منفرد اور یادگار جگہ بن گیا جب وہاں دو پیار کرنے والوں نے ایک عدیم النظیر تقریب میں 'ہمیشہ ایک ہو جانے کا عہد و پیماں کیا۔'

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق میشال صعب نامی لبنانی نوجوان نے اپنی محبوبہ کی بیرون ملک سفر سے واپسی پر دسیوں مسافروں اور انہیں خوش آمدید کہنے والے رشتہ داروں کے سامنے لڑکی سے شادی کا وعدہ لے لیا۔

اس موقع پر میشال نے اپنی محبوبہ راویہ الشدیاق کو منگنی کی انگوٹھی بھی پہنائی جبکہ خوشی کے اس موقع پر عاشق دیوانہ اپنے ساتھ بینڈ باجا بھی لے کر آیا تھا، جو دلہن کی 'نکی جئ ہاں' سنتے ہی شادی کی دھنیں بکھیرنے لگا۔

واضح رہے کہ میشال کی محبوبہ راویہ، اپنی والدہ اور بہن کے ہمراہ سڈنی [آسٹریلیا] میں کسی عزیر کی شادی میں شرکت کر کے 18 دن بعد لوٹیں تو اس وقت ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی کہ ائرپورٹ پر اس کا دولہا بارات سمیت موجود تھا، جہاں مٹھی بھر باراتیوں نے سفید رنگ کی ٹی شرٹ پہن رکھی تھیں، جس پر انگریزی میں 'مجھ سے شادی کرو گی' کے الفاظ سرخ روشنائی سے درج تھے۔