.

سوڈان : اپوزیشن لیڈر صادق المہدی جیل سے رہا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سوڈانی حکومت نے سابق وزیراعظم اور حزب اختلاف کے لیڈر صادق المہدی کو اتوار کے روز جیل سے رہا کر دیا ہے۔

سوڈان کے وزیر مملکت برائے اطلاعات یاسر یوسف نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ صادق المہدی کو قانونی فریم ورک کے اندر رہا کیا گیا ہے لیکن انھوں نے اُمہ پارٹی کے سربراہ کی رہائی سے متعلق مزید تفصیل نہیں بتائی ہے۔

صادق المہدی کو مئی میں صدر عمر حسن البشیر کی حکومت نے آئین کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ان سے پراسیکیوٹرز نے گذشتہ دنوں شورش زدہ مغربی علاقے دارفور میں سکیورٹی فورسز پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور عورتوں کی عصمت ریزی کے الزامات عاید کرنے پر تحقیقات کی تھی۔

سوڈان کی انٹیلی جنس اور سکیورٹی سروس (این آئی ایس ایس) نے صادق المہدی کے خلاف ایک فوجداری درخواست دائر کررکھی ہے جس میں ان پر الزام عاید کیا گیا تھا کہ انھوں نے اس فورس کے خلاف بیان بازی کرکے اس کا تشخص داغدار کیا ہے، ریاست کا وقار داؤ پر لگایا ہے ، امن عامہ کو نقصان پہنچانے اور عالمی برادری کو سوڈان کے خلاف بھڑکانے کی کوشش کی ہے۔ سوڈان کی سریع الحرکت فورس کے کمانڈروں نے دارفور میں لوٹ مار اور خواتین کی عصمت ریزی یا دوسرے جرائم کے ارتکاب سے متعلق الزامات کی تردید کی تھی۔