مقتول سعودی طالبہ کے نام پر یادگاری اسکالرشپ کا اجرا

اسکالر شپ کا اجرا برطانوی یونیورسٹی نے کیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

ایک برطانوی یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ گذشتہ مہینے قاتلانہ حملے کے نتیجے میں ماری جانے والی سعودی طالبہ ناھد المانع کے نام پر یادگاری اسکالرشپ کا اجراء کرے گی۔

یونیورسٹی آف ایسکس کے ایک اعلی عہدیدار نے العربیہ نیوز کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ بتیس سالہ ناھد غیر معمولی طالبہ تھیں اور یہ اسکالرشپ کمیونٹی کی اس باصلاحیت رکن کی یاد کو تازہ رکھنے میں مدد دے گا۔

ناھد جنوری 2014 سے ایسکس یونیورسٹی کی انٹرنیشنل اکیڈمی میں انگریزی زبان کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔ اس ڈگری کی تکمیل کے بعد ان کا ارادہ تھا کہ وہ حیاتیاتی سائنس میں پی ایچ ڈی کریں گی۔

المانع کو 17 جون کو کولچسٹر کے ایک پارک میں مردہ حالت میں پایا گیا تھا۔ ان کی موت نے برطانوی پولیس کو الجھن میں ڈال دیا تھا جن کا شبہ ہے کہ ناھد کے قتل کی وجہ مذہبی منافرت ہو سکتی ہے کیوںکہ مقتولہ حجاب میں یونیورسٹی آتی تھیں۔ ناہید کا تعلق سعودی عرب کے علاقے نجف سے تھا اور وہ شاہ عبداللہ اسکالرشپ پروگرام کے تحت برطانیہ اعلی تعلیم کے لئے آئی تھیں۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر انتھونی فارسٹر نے کہا کہ ہم اپنی بین الاقوامی اور متنوع کمیونٹی کی طاقت پر فخر کرتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ لوگ اس اسکالر شپ میں عطیات جمع کروا کر ناھد کی یاد کو تازہ رکھیں گے۔"

یونیورسٹی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ یہ سکالرشپ کسی بین الاقوامی طالب علم کو دیا جائےگا جو کہ سائنس کے شعبے میں کام کرنا چاہے گا اور اس حوالے سے مزید معلومات جلد از جلد جاری کی جا رہی ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی ناھد کے احترام میں مزید یادگاری اقدام کرنے کے بارے میں بھی بات چیت کر رہی ہے۔ یونیورسٹی نے العربیہ نیوز کو بتایا کہ وہ ایسکس پولیس کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ طلبہ اور سٹاف کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ناھد المانع کے قتل کے بعد سے کولچسٹر اور یونیورسٹی کیمپس کے قریب پولیس کی گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں کسی ایسے ناخوشگوار واقعہ کو روکا جا سکے۔ سعودی وزارت تعلیم نے بھی اعلان کیا تھا کہ وہ بیرون ممالک پڑھنے والے طلبا کے لئے ایک نئی اسکالرشپ کا اجراء کرے گی جو کہ ناھد المانع سے منسوب کیا جائے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں