.

ایران، تُرکی نے آزاد کردستان کی مخالفت کر دی

عراق کی تقسیم نامنظور، اسرائیلی مداخلت کی مذمت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران اور ترکی نے عراق کی تقسیم کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کُرد ریاست کا 'اعلان آزادی' مُسترد کر دیا ہے۔ دونوں ملکوں کا کہنا ہے کہ وہ کسی قیمت پر عراق کی تقسیم نہیں چاہتے ہیں اور نہ ہی الگ سے کرد ریاست کے قیام کی حمایت کریں گے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ میں عرب و افریقی امور کے معاون حسین امیر عبداللھیان نے خبر رساں ایجنسی"ایرنا" کو بتایا کہ ان کا ملک عراق کی وحدت، قومی سلامتی اور خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور کسی گروپ کو الگ ریاست کے قیام کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہم پوری قوت سے عراق کی تقسیم کی سازش روکیں گے۔ جو لوگ عراق کو توڑنے کی بات کرتے ہیں، انہیں اس کے بھیانک مضمرات کا اندازہ نہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ صوبہ کردستان کی دانش مند قیادت مکمل آزادی نہیں چاہتی اور وہ ملک کے دستور کی پابند ہے۔

ترکی کی جانب سے بھی عراق کے حوالے سے ایران سے ہم آہنگ موقف سامنے آیا ہے۔ ترکی کے نائب وزیر اعظم بلند ارنیش نے اپنے ایک بیان میں اسرائیلی وزیر اعظم کی جانب سے کرد ریاست کے قیام کے مطالبے کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا ہمارا موقف [حق بہ جانب] سمجھتی ہے۔ ہم کسی صورت میں عراق کی تقسیم نہیں چاہتے ہیں۔ عراق میں جاری خون خرابہ بند ہونا چاہیے اور ملک کو ایسے عناصر کے ہاتھ نہیں لگنے دینا چاہیے جواس کی وحدت کو پارا پارا کر دیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم کی جانب سے شمالی عراق میں آزاد کرستان کی حمایت میں جاری بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "کردوں کی اپنی ریاست عراق ہی ہے اور وہ اس کے دستور کے بھی پابند ہیں"۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم کردوں کی الگ ریاست کے قیام کے مطالبے کا احترام کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ کرد آبادی کی امنگوں کے مطابق انہیں اپنی آزاد ریاست کے قیام کا حق دیا جائے۔ عالمی برادری کے مطالبے کے باوجود نیتن یاھو کو فلسطینی ریاست کے قیام کی بات کرنا تو پسند نہیں لیکن وہ عراق اور دوسرے پڑوسی ملکوں کی تقسیم کی سازشوں میں پیش پیش ہیں۔

کردستان کی آزادی کے لیے ریفرنڈم کا اعلان

درایں اثناء عراق کے نیم خود مختار صوبہ کردستان کے صدر مسعود بارزانی نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ ایک ماہ کے اندر اندر آزاد کردستان کے لیے ریفرنڈم کرانے پر غور کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرد آبادی کو آزاد ریاست کا فطری حق حاصل ہے۔ ان کا اشارہ عراق کی تقسیم کی جانب تھا۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے مسعود بارزانی کا کہنا تھا کہ ہم عراق میں کشیدگی اور خون خرابہ نہیں چاہتے۔ کرد رہ نما عراق کے بحران کے حل کے لیے بھی مساعی جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن انہیں اپنا فطری حق مانگنے میں کوئی تامل نہیں۔ وہ آزادی کا مطالبہ بھی جاری رکھیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں بارزانی کا کہنا تھا کہ عراق عملی طور پر پہلے ہی تقسیم ہو چکا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا ہم عراق کی دگرگوں صورت حال کو جوں کا توں برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ یہ میں ذاتی طور پر کردوں کی آزادی کی بات نہیں کرتا بلکہ یہ ہماری پوری قوم کا مطالبہ ہے۔ ایک ماہ کے دوران ہم آزادی کے لیے ریفرنڈم کرائیں گے۔

خیال رہے کہ مسعود بارزانی کی جانب سے ماضی میں بھی کرد ریاست کی آزادی کے بارے میں متعدد مرتبہ اعلان کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کردوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے نہایت موزوں ہیں۔

بارزانی کی جانب سے آزاد کردستان کا تازہ اور پر زور مطالبہ چند روز قبل ایران میں"جمہوریہ مھا باد" کی 66 ویں یوم تاسیس کے موقع پر سامنے آیا۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک کو کردوں کے بنیادی حقوق کو دبانے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ان کا اشارہ ایران، ترکی اور شام کی جانب تھا جہاں کرد آبادی کی بڑی تعداد موجود ہے۔

خیال رہے کہ ایران میں سنہ 1946ء میں کردوں کی الگ ریاست کے لیے "جمہوریہ مھاباد" کا اعلان کیا گیا تھا۔ ایران کے شمال مغرب میں واقع کرد اکثریتی صوبہ جمہوریہ مھا باد کی قیادت ایک کرد مذہبی رہ نما قاضی محمد کے ہاتھ میں رہی ہے۔ انہیں سابق سوویت یونین کی بھی بھرپور معاونت حاصل تھی۔ عراق میں کرد آبادی سنہ 1991ء سے آزاد ریاست کے لیے جدو جہد کر رہی ہے۔

گو کہ ابھی تک کرد ریاست کے قیام کا اعلان تو نہیں کیا گیا مگر وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ حالات عراقی کردوں کے حق میں سازگار ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ خاص طور پر عراق میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ عراق و شام کی جانب سے عراق کے کئی شہروں پر قبضے کے بعد کردوں کا آزادی کا مطالبہ بھی شدت اختیار کر گیا ہے۔

مبصرین کا خیال ہے کہ عراق میں کرد ریاست کے قیام پر ایران اور ترکی مخالفت کی وجہ معقول ہے۔ دونوں ملک یہ سمجھتے ہیں کہ اگر عراق میں کرد ریاست بن گئی تو ان [ملکوں] کے ہاں کرد بھی آزادی کی تحریک شروع کر دیں گے۔ دونوں ملکوں کے کرد سال ہا سال سے آزادی کے لیے پہلے بھی جدوجہد کر رہے ہیں۔ ترکی نے کردوں کو سیاسی عمل میں شامل کر کے کسی حد تک آزاد ریاست کے مطالبے کو ٹھنڈا کیا ہے مگر ایران میں طاقت کے ذریعے کردوں کو دبانے کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔