.

ارجنٹینا پیلنٹی ککس پر نیدرلینڈز کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا

سیمی فائنل میچ میں دوگھنٹے کے کھیل میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ارجنٹینا نیدرلینڈز کی فٹ بال ٹیم کو پینلٹی ککس پر دو کے مقابلے میں چار گول سے ہراکر فیفا عالمی کپ ٹورنا منٹ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

برازیل کے شہر ساؤپاؤلو میں کھیلے گئے عالمی کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں ارجنٹینا اور نیدرلینڈز دونوں میں سے کوئی بھی ٹیم مقررہ نوے منٹ اور اس کے بعد آدھے گھنٹے کے اضافی وقت میں گول نہیں کرسکی تھی۔ فٹ بال عالمی کپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ سیمی فائنل میچ کے مقررہ اور اضافی وقت میں فاتح ٹیم کا فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔

ارجنٹینا کی ٹیم کی جیت میں اس کے گول کیپر سرگیو رومیرو نے نمایاں کردار ادا کیا ہے اور انھوں نے پینلٹی ککس پر دو گول بچا لیے۔رومیرو نے پہلے نیدرلینڈز کے کھلاڑی ران ولار کی لگائی ہوئی پیلنٹی روکی اور اس کے بعد چابک دستی سے ویسلے سنیڈر کی کک بھی روک لی جبکہ ارجنٹینا کے کھلاڑی اپنی چاروں پینلٹی ککس پر گول کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔رومیرو کو ان کی شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

اس سے پہلے میچ کے پہلے اور دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے شاندار دفاعی کھیل پیش کیا مگر ڈچ کھلاڑی ارجنٹینا کے خلاف گول کرنے کا کوئی جاندارموقع حاصل نہیں کرسکے تھے جبکہ لیونل میسی کی ٹیم بھی پہلے سیمی فائنل میں جرمن ٹیم کی طرح نیدر لینڈز کے گول پر کوئی تابڑ توڑ حملے میں کامیاب نہیں رہی تھی۔

اب اتوار کو ریوڈی جنیرو میں فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں ارجنٹینا کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا۔اس سے پہلے ان دونوں ٹیموں کے درمیان 1986ء اور 1990ء فٹ بال عالمی کپ کے فائنل میچ کھیلے جا چکے ہیں۔جرمنی نے میزبان برازیل کی فیورٹ سمجھی جانے والی ٹیم کو پہلے سیمی فائنل میں ایک کے مقابلے میں سات گول سے تاریخی شکست دی تھی۔برازیل کی ٹیم ہفتے کے روز برازیلیہ میں نیدرلینڈز سے تیسری پوزیشن کے لیے میچ کھیلے گی۔