.

جرمنی 24 سال کے بعد فٹ بال کا عالمی چیمپئن

فائنل میچ میں ارجنٹینا کو سخت مقابلے کے بعد ایک گول سے شکست

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جرمنی کی ٹیم برازیل میں ارجنٹینا کی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد ایک گول سے شکست دے کرچوبیس سال کے بعد دوبارہ فٹ بال کی نئی عالمی چیمپئن بن گئی ہے۔

فیفا عالمی کپ ٹورنا منٹ کا فائنل میچ ریوڈی جنیرو کے مارکانا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا اور مقررہ نوے منٹ کے کھیل میں دونوں ٹیمیں کے درمیان میچ برابر تھا اور کوئی بھی ٹیم مواقع ملنے کے باوجود گول نہیں کرسکی تھی لیکن مجموعی طور پر جرمن ٹیم کا پلڑا بھاری رہا تھا اور اس کے کھلاڑیوں نے ارجنٹینا کو سات مرتبہ گول کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔

جرمنی کی ٹیم نے اضافی تیس منٹ کے کھیل کے دوسرے ہاف میں اور میچ کے ایک سو تیرھویں منٹ میں گول کیا۔ جرمن کھلاڑی شرل نے ارجنٹینا کے دو دفاع کھلاڑیوں کے درمیان موجود ماریو گوٹزے کی جانب بال پھینکا تھا۔ انھوں نے اس کو اپنی چھاتی پر روکتے ہوئے کک لگا کر شاندار طریقے سے گول میں پہنچا دیا اور ان کا یہی گول فیصلہ کن ثابت ہوا۔ارجنٹینا کی ٹیم باقی پانچ چھے منٹ کے وقت میں اپنے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی کی ایک شاندار کوشش کے باوجود گول کرنے میں ناکام رہی تھی۔

جرمن ٹیم نے اس پورے ٹورنا منٹ کے دوران بہتر کھیل پیش کیا ہے اور اس کا حریف ٹیموں کے مقابلے میں پلڑا بھاری رہا تھا۔اس نے سیمی فائنل میں میزبان برازیل کو ایک کے مقابلے میں سات گول سے شکست دی تھی اور چوتھی مرتبہ عالمی کپ ٹورنا منٹ جیتا ہے۔

اس سے پہلے جرمنی نے 1990ء میں فٹ بال کا عالمی کپ جیتا تھا اور ارجنٹینا کی ٹیم ہی کو فائنل میں شکست دی تھی۔جرمن ٹیم نے آٹھویں مرتبہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا ہے اور یہ بھی ایک ریکارڈ ہے۔فٹ بال عالمی کپ کا آیندہ ٹورنا منٹ چار سال کے بعد روس میں ہوگا۔